ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے معیارات کو مدنظر رکھے

ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے کام کی رفتار تیز کی جائے، احسن اقبال وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کاپلاننگ کمیشن میں ایچ ای سی کے منصوبوں بارے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 21 اپریل 2016 18:23

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) ملک کے کسی بھی حصہ میں یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے معیارات کو مدنظر رکھے، ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پلاننگ کمیشن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مختلف منصوبوں پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر یونیورسٹی میں طلباء کے لئے تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے ایچ ای سی کا بجٹ 48 ارب روپے سے بڑھا کر 78 ارب روپے کر دیا ہے۔ یونیورسٹیوں کی عمارتوں اور نقشہ کے لئے گائیڈ لائنز تیار کی جائیں۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی انوویشن فنڈ جلد از جلد قائم کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے ایچ ای سی کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے وژن 2025ء کا اسٹریٹجک فریم ورک تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔