آئندہ رمضان میں حکومت یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے بنیادی ضرریات کی اشیاء پر ایک ارب سے زائد روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی،وفاقی وزیر رئیس غلام مرتضیٰ خان جتوئی

جمعرات 21 اپریل 2016 18:22

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رئیس غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے کہا ہے کہ آئندہ رمضان میں حکومت یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے بنیادی ضرریات کی اشیاء پر ایک ارب سے زائد روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ یہ سبسڈی ملک میں پانچ ہزار سے زائد یوٹیلٹی سٹورزپر دستیاب ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین میں امتیازی کارکردگی کی شیلڈز اور سرٹیفیکٹ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی ہماری حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ حکومت یوٹیلٹی سٹورز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے اسے عالمی سطح کے اداروں کے برابر لانا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں اقدامات کا آغاز پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز گلزار شاہ نے وفاقی وزیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ادارے کی تعمیر نو کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے ادارے کی کمپیوٹرائزیشن، رمضان پیکیج، دیگر اداروں کے ساتھ باہمی تعاون اور دیگر انتظامی امور سے متعلق وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے ایم ڈی کے اقدامات کی تعریف کی اور ادارے کی تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے وفاقی وزیر کی جانب سے حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور ادارے کی بحالی کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

یوٹیلٹی سٹورز کی انتظامیہ آئندہ ہفتے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ بھی دے گی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر یوٹیلٹی سٹورز کے افسر ارشد چیمہ کی تعریف کی جنہوں نے کوئٹہ ریجن میں نامساعد حالات کے باوجود کروڑوں روپے کی خورد برد کا سراغ لگایا اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے سامنے لے آیا۔

متعلقہ عنوان :