پیف پارٹنر سکولوں میں ہم نصابی و سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کا فیصلہ

جمعرات 21 اپریل 2016 18:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء )پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں سے منسلک سکولوں میں ہم نصابی و سپورٹس سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ طالب علموں کی شخصیت میں خوداعتمادی اور سپورٹس مین شپ کے اوصاف اجاگر ہوں اور وہ زیادہ عزم و حوصلے سے پریکٹیکل لائف میں قدم رکھیں۔ یہ بات ایم ڈی پیف طارق محمود نے یہاں اپنے دفتر میں منعقدہ پروگرام ڈائریکٹرز کے ہفتہ وار جلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہیں جس سے نوجوانوں کو اپنی فیلڈ میں نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کا فروغ ہمارا اہم ایجنڈا ہے ۔ اس حوالے سے پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی تعلیمی استعداد کو بہتر بنانے کے لیے منظم پلان تیا ر کر لیا گیا ہے، اس پلان کا مقصد ٹیچرز ٹریننگ کے ذریعے پارٹنر سکولوں کی ٹیچنگ کوالٹی کو مزیدبہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی پیف نے بتایا کہ پارٹنر سکولوں کی تعلیمی قابلیت کے تعین میں سالانہ بنیادوں پر منعقد کیے جانے والے کوالٹی ایشورینس ٹیسٹ اہم کر دار ادا کر رہے ہیں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری ملازمین پنجا ب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ساتھ تعلیمی پارٹنرشپ کے اہل نہیں، اس حوالے سے ایسے پارٹنرز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپناتعلیمی ادارہ کسی نزدیکی خونی رشتہ دار، جو حکومتی ملازمت میں نہ ہو، کے نام منتقل کر وا لیں ۔

اجلاس نے فیصلہ کیا کہ اس سہولت سے فائدہ نہ اٹھانے والے سکول مالکان سے تعلیمی شراکت 31مئی 2016کے بعد ختم کر دی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے 21اپریل کو راولپنڈی کے 41پارٹنر سکولوں میں 31ہزار کتب، ساہیوال کے 37پارٹنر سکولوں میں 24ہزار کتب اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 34پارٹنر سکولوں میں ساڑھے 22ہزار کتابیں تقسیم کی گئیں جبکہ آج 22اپریل کو اٹک ، لیاقت پور ، گوجرانوالہ،ننکانہ صاحب،شکرگڑھ،حافظ آباد اور اوکاڑہ کے پارٹنر سکولوں میں کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔

ایم ڈی طارق محمود نے اس امر پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منصوبے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں اہم کر دار ادا کررہے ہیں ۔ اسی طرح غربت اور مسائل کا شکار بچوں کی تعلیم تک رسائی ممکن ہوئی ہے جس سے گرلز ایجوکیشن کو بھی فروغ ملا ہے۔