رائے دہی کے حامل افراد کی تعداد 9 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرگئی ٗ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تفصیلات جاری کردیں

ملک بھر میں 56.26 فیصد مرد اور43.74 فیصد خواتین ووٹرزہیں ٗالیکشن کمیشن کی تفصیلات

جمعرات 21 اپریل 2016 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے تحت حق رائے دہی کے حامل افراد کی تعداد 9 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 23 لاکھ 63 ہزار 948 ٗ خواتین رجسٹرڈ ووٹرز 4 کروڑ 7 لاکھ 8 ہزار 679 ہو گئی ہے، اس طرح ملک بھر میں 56.26 فیصد مرد اور43.74 فیصد خواتین ووٹرزہیں۔

3 برسوں کے دوران پنجاب ، خیبر پختونخوا اور سندھ میں رجستڑد ووٹر کی تعداد میں اضافہ جب کہ بلوچستان اور فاٹا میں کمی ہوئی ہے۔پنجاب میں 3 سال میں 45 لاکھ 65 ہزار 286 نئے ووٹ رجسٹر ہوئے، جس کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 38 لاکھ 24 ہزار 620 تک جا پہنچی ہے جب کہ مئی 2013 میں رجسٹرڈ ووٹرز 4 کروڑ 92 لاکھ 59 ہزار 334 تھے۔

(جاری ہے)

2013 میں سندھ میں کل رجسٹرڈ ووٹرز ایک کروڑ 89 لاکھ 63 ہزار 375 تھے جو کہ 2016 میں بڑھ کر 2 کروڑ ایک لاکھ 30 ہزار 897 ہوگئی ہے، اس طرح 3 برسوں میں سندھ کے ووٹرز میں 11 لاکھ 67 ہزار 522 ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔

خیبر پختونخوا میں گزشتہ 3 برسوں میں 11 لاکھ 10 ہزار 497 ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اب صوبے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 22 لاکھ 66 ہزار 157 سے بڑھ کر ایک کروڑ 33 لاکھ 74 ہزار 664 ہوگئی جب کہ بلوچستان میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 33 لاکھ 33 ہزار 318 ہے۔اسلام آباد میں 3 سال میں 58ہزار 860 ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے، وفاقی دارالحکومت میں کل رجسٹر ووٹرز 6 لاکھ 84 ہزار 824 ہیں جب کہ 2013 عام انتخابات میں کل رجسٹر ووٹرز 6 لاکھ 25 ہزار 964 تھے۔فاٹا میں اس وقت کل رجسٹرڈ ووٹرز 17 لاکھ 22 ہزار 304 ہیں جب کہ 2013 میں کل رجسٹر ووٹرز 17 لاکھ 38 ہزار 313 تھے، اس طرح وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں 3 برسوں کے دوران 16 ہزار 9 ووٹرز کم ہوئے۔

متعلقہ عنوان :