ورثہ میں ملنے والے متعدد چیلنجوں کے باوجود موجودہ حکومت کی کوششوں سے معیشت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے ٗوزیر اعظم

حکومت کی ہمسایوں کیساتھ تعلقات کے فروغ اور افغانستان میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے کوششیں نہایت قابل تحسین ہیں ٗنواز شریف اٹلی کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم کے ترقی پسند اصلاحاتی ایجنڈے اور اقلیتوں و خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف

جمعرات 21 اپریل 2016 17:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ورثہ میں ملنے والے متعدد چیلنجوں کے باوجود موجودہ حکومت کی کوششوں سے معیشت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آچکی ہے ٗ حکومت کی ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور افغانستان میں امن و استحکام کی بحالی کے لئے کوششیں نہایت قابل تحسین ہیں وہ اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

جس میں پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفینو پونٹے کوروہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سینئر حکام بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک اور عوام کو درپیش توانائی کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے مضبوط قومی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، مثبت اقتصادی اشاریئے معیشت کی بحالی کیلئے ہماری کوششوں کے غماز ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت نے دہشت گردی کو قطعی طور پر برداشت نہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے اور جاری آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک اور محفوظ ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں شہر میں امن بحال ہوا ہے، امن و امان کی بہتر صورتحال اور کاروباری دوست ماحول سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی ہوئی ہے ٗپاؤلو جینٹی لونی نے ہر ممکنہ معاونت کی پیشکش کرتے ہوئے پاکستان میں انتہاء پسند نظریئے کے خلاف جنگ کی قیادت کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور افغانستان میں امن و استحکام کی بحالی کے لئے کوششیں نہایت قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹلی اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے ایک ارب ڈالر کے موجودہ حجم میں نمایاں اضافے کی ضرورت ہے۔ اطالوی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے ترقی پسند اصلاحاتی ایجنڈے اور اقلیتوں و خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے انتظامی اور قانونی اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو اطالوی وزیراعظم کے آئندہ دورہ پاکستان کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :