سرسید یونیورسٹی کا مختلف کھیلوں میں خواتین کی ٹیمیں بنانے کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں بیڈمنٹن کی ٹیم قائم کردی گئی، ٹیبل ٹینس، تھروبال اور نیٹ بال کی ٹیمیں بھی بنائی جائینگی، مبشر مختار

جمعرات 21 اپریل 2016 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) سرسید یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار نے یونیورسٹی میں مختلف کھیلوں میں خواتین کی ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے، طالبات کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے پیش نظر ٹیمیں بھی بنا ئی جارہی ہیں، اس حوالے سے پہلے مرحلے میں بیڈمنٹن کی ٹیم قائم کردی گئی ہے جو عظمیٰ بیگ، ماہ نور، یشناء، بشرا اورٹریسا پر مشتمل ہے، سبین فاطمہ ٹیم کی منیجر اور جاوید اقبال کو کوچ مقررکیا گیا ہے۔

بیڈمنٹن ٹیم نے پی ایف کیٹ یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقد ہونیوالے انٹریونیورسٹی گرلز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں حصہ لیاجہاں سرسید یونیورسٹی کو اقراء یونیورسٹی کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں3-0 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ، آیا کہ ٹیم پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ میں شرکت کررہی تھی اس میں شکست کے باوجود کھلاڑیوں کی کارکردگی تسلی بخش رہی، انہوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی تعلیم کیساتھ کھیلوں میں بھی خاص مقام رکھتی ہے، جامعہ کے طلبہ و طالبات جہاں تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں وہیں کھیلوں میں بھی انکی دلچسپی قابل دید ہے ، کرکٹ، فٹ بال ، باکسنگ اور ہاکی سمیت12کھیلوں کی ٹیمیں قائم ہیں ۔

(جاری ہے)

مبشر مختار نے کہا کہ خواتین کی ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، نیٹ بال، تھروبال سمیت دیگر کھیلوں کی ٹیمیں بھی بنائی جائینگی جو یونیورسٹی کے سالانہ شعبہ جاتی کھیلوں میں بھی حصہ لیں گی۔

متعلقہ عنوان :