صنعتی انفرااسٹرکچر کے لیے صوبائی و وفاقی بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں، زاہد سعیدصدر کاٹی

جمعرات 21 اپریل 2016 17:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اپریل۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ صنعتوں کو درپیش انفرااسٹرکچر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر ترقیاتی فنڈز مختص کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے تاجروں اور صنعت کاروں کو کراچی میں صنعتی انفرااسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے لیے کئی یقین دہانیاں کروائی جاتی رہی ہیں لیکن صورت حال میں خاطر خواہ تبدیلی نظر نہیں آتی۔

زاہد سعید نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے صنعتوں کو ہر سطح پر درپیش مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے سب سے اہم قدم یہ ہے کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر آئندہ مالی سال کے لیے تیار ہونے والے بجٹ میں صنعتی انفرااسٹرکچر کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے سمیت کراچی کے دیگر صنعتی علاقوں کو بنیادی انفرااسٹرکچر اور ضروریات کی عدم فراہمی کا معاملہ سنگینی اختیار کرتا جارہا ہے۔

پانی کی شدید قلت نے کئی صنعتوں کو بے حال کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ترقیاتی منصوبے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہیں اسی طرح صنعتوں کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعمیرو ترقی کے منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ صنعتیں نہ صرف ملکی خزانے میں ٹیکس کی صورت میں ایک بڑا حصہ جمع کرواتی ہیں بلکہ روزگار کی فراہمی اور نچلی سطح تک معاشی خوش حالی کا خواب بھی صنعتوں کے استحکام کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :