سیکورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور طریقہ سے اپنا کردار ادا کررہی ہیں، مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 اپریل 2016 17:13

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور طریقہ سے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، پاناما لیکس پر پارلیمانی کمیشن بنے گا یا جوڈیشل کمیشن، اس حوالے سے فیصلہ ہونا باقی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیو ورکرز کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کیا گیا۔

واقعہ کی انکوائری کی جا رہی ہے۔ اس طرح کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ سیکورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے بھرپور طریقے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ کراچی آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے، اس پر پارلیمانی کمیشن بنے گا یا جوڈیشل کمیشن، فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔