سمگلنگ، انڈر انوائسنگ، ایس آر او کلچر، کاروباری مقامات پر چھاپے جیسے اقدامات کاروباری سرگرمیوں کو بْری طرح متاثر کررہے ہیں

ایف بی آر تاجر برادری کی مشاورت سے ایک مکینزم وضع کرے تاکہ کم سے کم وقت میں ان مسائل پر قابو پایا جاسکے‘ لاہور چیمبر

جمعرات 21 اپریل 2016 17:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) سمگلنگ، انڈر انوائسنگ، ایس آر او کلچر، کاروباری مقامات پر چھاپے اور راستے میں روک کر تجارتی اشیاء کی غیر ضروری چیکنگ کاروباری سرگرمیوں کو بْری طرح متاثر کررہے ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجر برادری کی مشاورت سے ایک مکینزم وضع کرے تاکہ کم سے کم وقت میں ان مسائل پر قابو پایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے لاہور چیمبر میں کلکٹر کسٹمز ذوالفقار یونس اور ڈائریکٹر انٹیلی جنس کسٹمز ڈیپارٹمنٹ لاہور سعود عمران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین امجد علی جاوا، میاں زاہد جاوید، سابق نائب صدور آفتاب احمد وہرہ، شفقت سعید پراچہ، کاشف انور، سابق ایگزیکٹو کمیٹی اراکین خواجہ خاور رشید، اشرف بھٹی، امجدوزیر، وزیراعلیٰ کے مشیر انجم بٹ، تاجر امین مظہر بٹ، محمدیوسف، احسن سعید میاں اور تاجروں کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

ناصر سعید نے کہا کہ کاروباری املاک پر چھاپے تاجر برادری کے لیے مسائل پیدا کررہے ہیں لہذا ان سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سمگلنگ اور انڈرانوائسنگ پر قابو پانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔موجودہ حالات کے پیش نظر ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا اشد ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا کہ وہ وی بوک سسٹم بہتر کرے کیونکہ یہ فعال نہ ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل ہیں ہورہے۔

انہوں نے کہا کہ سمگل شدہ اشیاء کی چیکنگ کے لیے مارکیٹوں میں چھاپے مارنے کے بجائے بارڈرز پر چیکنگ کا نظام ٹھیک کیا جائے تاکہ اشیاء ملک میں سمگل نہ ہوسکیں۔ لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ نے محکہ پر زور دیا کہ جلد خراب ہونے جانے والی اور ضروری اشیاء کو ایک روز میں کلیئر کیا جائے۔ کلکٹر کسٹمز ذوالفقار یونس نے کہا کہ متعلقہ مسائل جلد سے جلد حل کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ محکمہ تاجر برادری کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ ڈائریکٹر انٹیلی جنس کسٹمز ڈیپارٹمنٹ لاہور سعود عمران نے کہا کہ تاجر سمگلنگ کو روکنے کے لیے تجاویز محکمہ کو بھجوائیں۔

متعلقہ عنوان :