قیادت 24اپریل کو جس بھی لائحہ عمل کا اعلان کریگی خواتین اس میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گی

تحریک انصاف حق او رسچ کی جنگ لڑ رہی ہے ،یوم تاسیس نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں مسرت جمشید چیمہ کی رہائشگاہ پر منعقدہ اجلاس سے فوزیہ قصوری ،ڈاکٹر نوشین حامد و دیگر کا خطاب

جمعرات 21 اپریل 2016 16:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے 24اپریل کو جس بھی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا پارٹی کی خواتین اس میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گی ،پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں معاشی و سماجی انصاف کی فراہمی اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جاری جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی رہنما فوزیہ قصوری نے مسرت جمشید چیمہ کی رہائشگاہ پر پارٹی کے یوم تاسیس میں شرکت کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد ،فرح آغا ، سیمی ایزی،ملیحہ حسین،نیلم رشید ،صادقہ آپا،راحت آپا، ثمینہ مانو، نگہت محمود ،غزالہ رفیق ، وجہیہ اکرام ،شبانہ بلقیس ،شوانہ بشیر اور شہناز پروین سمیت دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

۔اجلاس میں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں شرکت کے لئے لاہور سے روانہ ہونے والے کارکنوں کیلئے انتظامات سمیت روانگی کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔فوزیہ قصوری نے کہا کہ ، پاکستانی قوم بیدار ہو چکی ہے اب حکمرانوں کو تاخیری حربوں کے ذریعے پانامہ لیکس کا معامل گول نہیں کرنے دیا جائے گا۔تحریک انصاف غیر معمولی حالات میں اپنا 20واں یوم تاسیس منا رہی ہے ۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ عوام کو تعلیم ، صحت سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کی بجائے 200ارب کے قرض سے میٹرو ٹرین کے منصوبے سے حکمرانوں کی ترجیحات واضح ہیں۔عمران خان 24اپریل کو جس بھی لائحہ عمل کا اعلان کرینگے تحریک انصاف کی خواتین اس میں ہر اول دسے کا کردار ادا کریں گی ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ یوم تاسیس کی تقریب میں ملک بھر سے خواتین کی کثیر تعداد شرکت کرے گی ۔تحریک انصاف کی خواتین پر عزم ہیں اور قیادت 24اپریل کو جو بھی لائحہ عمل دے گی ہمیں اپنے شانہ بشانہ پائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حق او رسچ کی جنگ لڑ رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کے یوم تاسیس نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :