امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف زاہد حامد سے ملاقات ،قانون اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور زیر بحث آئے

جمعرات 21 اپریل 2016 16:49

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل کی وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف زاہد حامد سے ملاقات ہوئی ہے جس میں قانون اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔جمعرات کو وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی ہے ۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام تک بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے قانون میں موئثر ترامیم و اصلاحات لانے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات خصوصاً حقوق نسواں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قوانین میں اصلاحات کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ عوام نواز قوانین کی تشکیل حکومت کی پالیسی کا اہم جزو ہے ۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے پاکستانی عوام تک انصاف کی رسائی و فراہمی اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بدعنوانی کے سد باب کے لئے اقدامات پر وزارت قانون کی خدمات کو بھی سراہا۔ امریکہ کے سفیر نے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ماحولیاتی تبدیلی کے متعلق ہر طرح کی امداد کرنے کے لئے تیار ہے ۔ امریکی سفیر نے پرائم منسٹر گرین انیشیٹو کے تحت کی جانے والی شجر کاری کی تعریف کی اور اس ضمن میں حکومتی اقدامات کو سراہا۔