قومی ہاکی ٹیم کو ایشیا کی بہتر ٹیم بننے کیلئے یورپین ٹیموں کے ساتھ زیادہ میچز کھیلنے پڑیں گے،ایف آئی ایچ کو چیمپئنز ٹرافی ختم کرنے کے فیصلہ پر نظر ثانی کرنی چاہئے،کپتان محمد عرفان

جمعرات 21 اپریل 2016 16:48

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء )قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے کہا ہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ٹیم کی شکست کی وجوہات میں سینئر کھلاڑیوں کا ٹیم میں شامل نہ ہونا ،ٹریننگ کے لئے کم وقت ملنا ،فٹنس مسائل شامل تھے ۔یہاں اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد عرفان نے کہاکہ ورلڈ کپ کوالیفائی راؤنڈ کی تیاریوں کے لئے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں سینئر کھلاڑیوں کو ریسٹ کروا کر جونیئر کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا تھا تاکہ انہیں انٹرنیشنل میچز کا تجربہ ہو،ٹیم کو پنلٹی کارنر ،ڈیفنس ،اور فنٹس کے شعبہ میں بہتری کی ضرورت ہے ۔

ہمارے تمام کھلاڑی انفرادی صلاحیتوں کے اعتبار سے یورپین ٹیموں سے بہتر ہیں لیکن انہیں زیادہ سے زیادہ میچز کھیلائے جائیں تو ان کے مابین انڈر سٹینڈنگ ڈویلپ ہوجائے گی اور ان کی کارکردگی بہت بہتر ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے اپنی ٹیم کے لئے ہاکی لیگ کے علاوہ بہترین سپورٹنگ سٹاف کی خدمات حاصل کی ہوئی ہیں اور ان کی ٹیم کو انٹرنیشنل میچز بھی بہت زیادہ کھیلنے کو ملتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے ۔

پاکستان کی ٹیم نے اگر ایشیا میں بہتر ٹیم بننا ہے تو اسے زیادہ سے زیادہ یورپین ٹیموں کے ساتھ میچز کھیلنے پڑیں گے ۔ محمد عرفان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ایف آئی ایچ کی طرف سے چیمئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کو ختم کرنے کا فیصلہ صحیح نہیں ہے اور اسے اس فیصلہ پر نظر ثانی کرنی چاہئے ۔ورلڈ کپ کے بعد چیمپنز ٹرافی ہی ٹاپ کلاس ٹورنامنٹ ہے ۔ایک سوال کے جو اب میں انہو ں نے بتایا کہ وہ اور قومی ہاکی ٹیم کے دیگر کھلاڑی اگلے ہفتے بنگلہ دیش ہاکی لیگ کھیلنے کے لئے بنگلہ دیش جارہے ہیں ۔