الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں

وزیر اعظم نواز شریف کی بیرون ملک کوئی جائیداد موجود نہیں۔ الیکشن کمیشن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 اپریل 2016 16:48

الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 اپریل 2016ء) : الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کی کے مالی سال 15-2014 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیرون ملک کوئی جائیداد موجود نہیں ہے۔ گوشوارے کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی اپرمال پر موجود جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی مختلف زرعی اراضی کی مالیت ایک ارب 7 کروڑ روپے ہے۔

یہ زرعی اراضی تحائف اور وراثت میں وزیراعظم نواز شریف کے حصے میں آئی۔حسین نوازنے وزیر اعظم کو اکیس کروڑ56لاکھ روپے باہر سے بھجوائے۔گوشوارے کے مطابق کلثوم نواز کی ہال روڈ پر جائیداد کی مالیت10کروڑ روپے ہے۔نواز شریف کی لاہور میں مال روڈ پر135نمبر عمارت کی قیمت25کروڑ روپے ہے، نواز شریف اور ان کی اہلیہ کے پاس کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف لاہو ر اور شیخوپورہ میں 219ایکڑ زرعی زمین کے رقبے کے بھی مالک ہیں۔

نواز شریف کی شیخوپورہ میں زرعی اراضی 1کروڑ 78لاکھ روپے سے زیادہ کی ہے۔ بیگم کلثوم نواز کے مال روڈ مری میں 3بنگلے ہیں جن کی مالیت10کروڑ روپے ہے۔کلثوم نواز کا ایبٹ آباد چھانگلہ گلی میں بنگلہ8 کروڑ 3 لاکھ سے زائد مالیت کا ہے۔ کلثوم نواز 10 ہزار روپے مالیت کی عباس اینڈ کمپنی کی بھی مالک ہیں۔کلثوم نواز کے بیرون ملک کوئی جائیداد یا اثاثے موجود نہیں ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کی پاکستان میں موجودہ جائیداد کی قیمت 3 کروڑ 31لاکھ روپے ہے۔ عمران خان کا پاکستان میں یا پاکستان کے باہر کوئی کاروبار نہیں ہے۔نہ ہی عمران خان کے باہر سے کوئی اثاثے آئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کا 300کینال کا گھر75کروڑ روپے مالیت کا ہے۔

عمران خان کی بھکر میں چھ مختلف زرعی اراضی ہیں۔جو 141کینال، 8ایکڑ،59کینال،60کینال،170کینال اور 243کینال کی ہیں۔ عمران خان کا میانوالی کے گھر میں حصہ اور شیخوپورہ میں80کینال وراثتی زمین ہے۔ عمران خان کا اسلام آباد میں دو بیڈ کا ایک فلیٹ ہے۔گوشوارے کی تفصیل میں بتایا گیا کہ عمران خان کو بنی گالہ کا گھر تحفے میں ملا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کے گوشوارے 30جون 2015تک ہیں۔الیکشن کمیشن نے 22مارچ2016کو اثاثوں کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے گوشوارے کو کتابی شکل میں شائع کیا گیا، تاہم الیکشن کمیشن نے تازہ ترین اثاثوں کے گوشوارے اپنی سائٹ پر نہیں ڈالے۔