پاکستان مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کی جانب سے ہیٹ اسٹروک سے متعلق احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس کی تقسیم

جمعرات 21 اپریل 2016 16:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شروع کی گئی عوامی آگاہی مہم برائے ہیٹ اسٹروک سے متعلق احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹ تیسرے روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا کی قیادت میں تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر، ناصر الدین محمود، سہیل ندیم، افتخار احمد پہلوان، عبداللہ میمن، طارق محمود، چوہدری انور اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع میڈیااور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور رضا نے کہا کہ گزشتہ سال ہیٹ اسٹروک کے اچانک حملہ آور ہونے کے نتیجے میں حکومت سندھ اور شہری ادارے کوئی پیش بندی نہ کرسکے جس کی بنا پر ہزاروں قیمتی جانیں جائع ہوئیں لیکن اس سال ماحولیاتی و موسمیاتی ماہرین کی قبل از وقت پیشگوئی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت سندھ اور کراچی کے تمام شہری سہولیات کے ادارے بروقت احتیاطی تدابیراختیار کریں تاکہ قیمتی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

بصورت دیگر پاکستان مسلم لیگ (ن) شدید احتجاج کرے گی۔ کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر نے کے الیکٹرک،واٹر بورڈ، سوئی سدرن گیس، ڈی ایم سیز اور محکمہ صحت کو متنبہ کیا کہ وہ اس بار مکمل پیش بندی اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کراچی ڈویژن اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے بھرپور عوامی آگاہی مہم کا آغاز کرچکی ہے۔ اس سلسلے میں کراچی ڈویژن کے 6 اضلاع میں ہیٹ اسٹروک کیمپس قائم کیے جائیں گے تاکہ متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جاسکے۔