ہم نے اقتدار کی بجائے ہمیشہ اقدار کو ترجیح دی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 اپریل 2016 16:30

ہم نے اقتدار کی بجائے ہمیشہ اقدار کو ترجیح  دی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 اپریل 2016ء) : وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزرا، مشیروں اور پارٹی کے شینیر رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد سرکاری ٹی وی کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کا پیغام جاری کیا جس میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اقتدار کی بجائے ہمیشہ اقدار کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی خوشحالی اور تعمیر و ترقی میں کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہمارا دامن صاف ہے۔ مخالفین اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ اگر ہم نے آئنی مدت پوری کی تو وہ پیچھے رہ جائیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدم استحکام پیدا کر کے ملک کی خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کو اعتماد بحال کیا ہے ، جب حکومت سنبھالی تو ملک اندھیروں میں ڈوبنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں سے بھی محروم تھا۔

ہماری حکومت کے باعث آج کا پاکستان 3 سال پہلے کے پاکستان سے مختلف ہے۔ ہم نے گیس کے بحران پر قابو پا کر صنعتی شعبے کو بلا تعطل بجلی فراہم کی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا عمل جانفشانی سے جاری رکھیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ماضی میں کڑے سے کڑے احتساب سے سرخرو ہو کر نکلے، لیکن ترقی کی راہ روکنے والے آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان میں جاری تعمیر و ترقی کے منصوبوں، گیس منصوبوں اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کی معترف ہے۔ ساری دنیا پاکستان میں منصوبوں کی شفافیت کو مانتی ہے جبکہ پاکستان کی معاشی ترقی کی بھی قائل ہو چکی ہے۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کئی منصوبے اولین لاگت کے تخمینوں سے آدھی قیمت میں مکمل کیے۔ تمام قومی معاملات پر دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلے کیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کو دلدل سے نکالنا چاہتے ہیں جس کے لیے ہم کوشش جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :