کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزام میں 10 افراد گرفتار

جمعرات 21 اپریل 2016 16:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ٹارگٹ کلنگ میں استعمال اسلحہ 10 سے زیادہ وارداتوں میں استعمال ہوا۔اورنگی ٹاوٴن میں 7 پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے ہیں۔

ڈیفنس، شیریں جناح کالونی اور اورنگی ٹاوٴن میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے چھاپوں کے دوران 10 مشبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ انچارج سی ٹی ڈی نوید خواجہ کے مطابق زیر حراست افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں مشتبہ افراد سے اورنگی ٹاوٴن میں پولیس اہلکاروں کے قتل کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ذرائع کے مطابق رات گئے کراچی پولیس آفس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی صدارت میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس اورنگی ٹاوٴن میں 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے پیش نظر بلایا گیا۔ اجلاس میں پولیس کے اعلی افسران نے شر کت کی۔ اجلاس میں پولیس افسران نے پولیو ٹیموں پر سیکیورٹی بڑھانے کی تجویز دی جبکہ آئی جی سندھ نے اجلاس میں مختلف کالعدم تنطیموں کے دہشتگردوں سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیا۔