پاکستا ن چین سے ڈرون طیارے خریدے گا

جمعرات 21 اپریل 2016 14:08

پاکستا ن چین سے ڈرون طیارے خریدے گا

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستا ن چین سے ڈرون طیارے خریدے گا ، چین کا تیار کردہ یہ فوجی ڈرون سی ایچ سیریز سے تعلق رکھتاہے ، پاکستان ،مصر ، سعودی عرب ، نائیجریا اور متحدہ عرب امارات نے اپنی دفاعی ضروریات سے نمٹنے کیلئے یہ طیارہ خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔چین کی ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین اپنی اور غیر ملکی خریداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے 200ڈرون فراہم کرے گا ۔

مغربی میڈیا کے مطابق پاکستان سمیت کئی عرب ممالک کا چین سے ڈرون طیارے خریدنے کا امکان ہے ، ڈرون طیاروں کی برآمد کا پہلا معاہدہ 2003ء میں چین سے طے پایا تھا جس کو 2004ء میں مکمل کیا گیا جب ایک جنوبی ایشیائی ملک نے چین سے سی ایچ ۔1s ڈرون طیاروں کا سودا کیا ، یہ ملک چینی سی ایچ سیریز کے ڈرونز کا مستقل خریدار بن گیا ہے اور اب وہ چین کے ساتھ سی ایچ ۔

(جاری ہے)

4s طیاروں کی خریدار ی کیلئے مذاکرات کررہا ہے ، بہت سے ممالک سی ایچ سیریز کے ڈرون طیاروں کی فراہمی کا انتظار کررہے ہیں کیونکہ یہ ہتھیاروں کی عالمی مارکیٹ میں بہت مقبول طیارہ ہے ، ڈرون فیملی کے اس طیارے کو چینی زبان میں ”کائی ہانگ“ کا نام دیا گیا ہے جس کا مطلب ہے چین کی ”قوس قزح “ ۔ ماہرین اس طیارے کو بے حد خطرناک قرار دیتے ہیں جو اس سیریز میں جنگی اہلیت کے لحاظ سے زبردست شمار کیا جاتا ہے جبکہ چینی ساختہ سی ایچ ۔

5 طیارہ فروخت کیلئے حکومت کی منظوری کا منتظر ہے ، ان طیاروں کی خریداری کے معاہدے 2015ء میں ہوئے تھے جو جنگی سامان کی خریداری میں عالمی مارکیٹ کا سب سے بڑا سودا تھا ۔چین کی اکیڈمی آف ایرو سپیس ایرو ڈینا مکس کے چیف ڈرون ڈیزائنر نے چائنا ڈیلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ طیاروں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتا ، یہ اکیڈمی ڈرون طیارے تیار کرنے والی کمپنی کی سب سے بڑی معاون ہے ، سی ایچ سیریز کے تیار کردہ ڈرون 20بڑے خریدار استعمال کررہے ہیں جن میں دس غیر ممالک بھی شامل ہیں ، سی ایچ 1- اور سی ایچ 2-چھوٹے اور غیر مسلح طیارے ہیں تا ہم اپنا ہدف تلاش کرنے اور اسے مانیٹر کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں ، سی ایچ 3- ان سے بڑا لیکن درمیانی سائز کا فوجی طیارہ ہے جبکہ سی ایچ 4- اعلیٰ کوالٹی اور جنگی ہتھیاروں سے لیس ڈرون ہے ، اسے خریداروں کیلئے طاقت ور اور مناسب قیمت رکھنے والا بغیر پائلٹ کے جنگی طیارہ ہے ۔

چیف ڈیزائنر کا مزید کہنا ہے کہ ہماراسب سے زیادہ فروخت ہونیوالا سی ایچ3- اور سی ایچ 4- ڈرون ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی ممالک نے سی ایچ سیریز کے ڈرون خریدنے کی شدید خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم ابھی ان کی اقتصادی صورتحال بہتر نہ ہونے کے باعث ان کے آرڈر موصول نہیں ہوئے ۔انہوں نے یہ انکشاف کرنے سے انکار کر دیا کہ کن ممالک نے ان سے کتنے طیارے خریدے ہیں تا ہم انہوں نے یہ کہا کہ سینکڑوں ملین امریکی ڈالر ز کے سودے ہوئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :