وزیر اعظم کی واپسی سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے، مائزہ حمید

جمعرات 21 اپریل 2016 13:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) رکن قومی اسمبلی وپاکستان مسلم لیگ(ن)کی رہنما مائزہ حمید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی وطن واپسی سے ان ناقدین کے منہ بند ہو گے ہیں جو اپنے مخصوص مفادات کے حصول کے لئے قومی وقار اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان مسلم لیگ (ن)کے خلاف محاز قائم کیا جا رہا ہے جس کا مقصد محض حکومت کی توجہ قومی تعمیر سے ہٹانا ہے ۔

مائزہ حمید نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی یو ٹرن پالیسی اور ہلے گلے کی سیاست نے پاکستان کو معاشی نقصان سے دوچار کیا ہے جب بھی ملک اپنے پاوں پر کھڑا ہوتا ہے اور بیرونی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کرتے ہیں ملک میں کوئی نہ کوئی مدعا کھڑاکرکے حکومت کو محاز آرائی میں الجھا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

عوام ان چالبازیوں اور دہرے میعار کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں اور ایسے جھانسوں میں نہیں آئیں گے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی ، عوام کے دیرینہ مسائل کے حل اور جمہوری استحکام کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر قومی ترقی کے ایجنڈے پر کاربند ہونے کا عہد کریں۔ مائزہ حمید نے کہاکہ ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی توانائیاں ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لئے صرف کرنے کا عہد کریں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف عوامی خدمت کی سیاست کرتے ہیں اور ان کی سیاست کا محور و مرکز عام کا خوشحال مستقبل ہے جس کے لئے وہ دن رات کوشاں ہیں اور سیاسی مخالفتوں ، سازشوں اور روکاوٹوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے حکومت مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام مکرو فریب کی سیاست کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کے حق میں ووٹ دے کر پاکستان مسلم لیگ(ن)کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :