پولیو ورکز کو سیکیورٹی فراہم کرنے والے پولیس اہلکاروں پر حملہ ایک بزدلانہ کاروائی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں، رینجرز وپولیس کو ہدایت

بدھ 20 اپریل 2016 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ پولیو ورکز کو سیکیورٹی فراہم کرنے والے پولیس اہلکاروں پر حملہ ایک بزدلانہ کاروائی ہے۔ انہوں نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس سندھ کو دہشتگردوں جنہوں نے سات پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا کے خلاف سخت آپریشن کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو اورنگی ٹاؤن واقعہ جس میں دہشتگردوں نے سات پولیس اہلکار جوکہ پولیو ورکز کو سیکیورٹی فراہم کر رہے تھے کی شہادت فوراً بعداس حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اس واقعہ کے فوراً بعد جائے وقوع پر پہنچے اور جاں بحق پولیس اہلکاروں کی ڈیڈباڈیز کو عباسی شہید اسپتال منتقل کرایا۔ڈی جی رینجرز بھی وہاں پہنچے،پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کیلئے آپریشن کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ اصل میں پولیس اہلکاروں پر کیا گیا نہ کہ پولیو ورکرز پر ، انہوں نے پولیس اہلکاروں کے سروں میں گولیاں ماریں،کسی بھی پولیو ورکرز پر حملہ نہیں کیا گیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ اصل میں پولیس کے خلاف تھا۔ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کو جائے وقوع کے دورے اور اپنی تحقیقات سے متعلقہ بریف کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حملہ آوروں سے متعلق اطلاع دینے والوں کیلئے 5- ملین روپے انعام کی منظوری دے رہے ہیں۔ انہوں نے جاں بحق پولیس اہلکاروں کے ورثاء کیلئے فی کس 20, 20لاکھ روپے اور ان کے ورثاء کیلئے ان کی قابلیت کے مطابق دو ملازمتیں دینے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے آئی جی پولیس سندھ کو ہدایت کی کہ جاں بحق پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں ان کی ریٹائرمینٹ کی مدت تک جاری رکھیں اور انہیں بھی اپنی سروس فورس کا حصہ شمار کریں اوراسی طرح ان کی تنخواہیں جاری رکھیں اور اس میں سالانہ اضافہ بھی اسی طرح سے کیا جائے جیسا کہ دیگر ملازمین کی تنخواہوں میں کیا جاتا ہے اور انہیں بھی وہ تمام تنخواہوں میں اضافہ کے فوائد دیئے جائیں جوکہ حکومت اعلان کرتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ جاں بحق پولیس اہلکاروں کی ڈیڈباڈیز کو ان کے متعلقہ آبائی علاقوں میں بھیجنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اور سہولیات فراہم کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ پولیس اہلکار جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائیگا۔