Live Updates

ہر آمراور ڈکٹیٹر کے خلاف اور جمہوری تحریکوں میں وکلاء برادری نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے،ڈاکٹر عارف علوی

حکمرانوں کی چھپائی گئی پراپرٹی اور اثاثوں کو بے نقاب کرنے کی تحریک میں وکلاء برادری کو ہر اول دستے کا کردارادا کرنا چاہئے

بدھ 20 اپریل 2016 21:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہر آمراور ڈکٹیٹر کے خلاف اور جمہوری تحریکوں میں وکلاء برادری نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پانامہ لیکس کے حالیہ انکشافات کے بعد موجود ہ حکمرانوں اور ان کے خاندان کے بیرون ملک چھپائی گئی پراپرٹی اور اثاثوں کو بے نقاب کرنے کی تحریک میں وکلاء برادری کو ہر اول دستے کا کردارادا کرنا چاہئے ۔

کیونکہ یہ ایک قومی ایشو ہے اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر ملک لوٹنے والوں کے خلاف یکسو ہو جانا چاہئے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر محمود الحسن سے سٹی کورٹ کراچی کے دورے کے موقع پران سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، کراچی بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر شجاعت علی خان ایڈوکیٹ، دوا خان صابر ، نزیر اﷲ محسود ایڈوکیٹ ،رضوان سعید ایڈوکیٹ، ممتاز شاہ ایڈوکیٹ، ظفر ایڈوکیٹ ،فرحان امجد ایڈوکیٹ ، جاوید ران ایڈوکیٹ ، عادل عباسی ایڈوکیٹ، صغیر عباسی ایڈوکیٹ، عدنان ملک ایڈوکیٹ، رؤف ایڈوکیٹ، انصاف لائیرز ونگ کراچی کے صدر ریاض آفندی ایڈوکیٹ، انور کمال خان ایڈوکیٹ، ناہید افضال خان ایڈوکیٹ، ارباب خان ایڈوکیٹ اور دیگر وکلاء رہنما بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پانامہ لیکس بلا خوف و تعصب چھان بین کئے جانا ضروری ہے اور تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کا پر زور مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جائے اور اس کمیشن میں ایک معروف بین الاقوامی فرانزک آڈٹ کمپنی کے ماہرین کو بھی شامل کیا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ اسمبلی کے فلور پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعتراف کیا کہ سوئس بنک میں پاکستانیوں کے اربوں روپے موجود ہیں۔لیکن ابھی تک سوئس بینک کو اس اہم معاملے پر خط تک نہیں لکھا گیا۔ اسی لئے ہم سمجھتے ہیں کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم پاکستان اور ان کے خاندان کے نام ہیں۔ لہذا جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے جو کہ حکومتی اثر ورسوخ سے آزاد ہو۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ سے پاکستان کی بنیادیں کھوکھلی ہو گئی ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور دیگر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اس اہم ایشو پر ایک زبان ہونی چاہیے تاکہ ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کا راستہ حقیقی طور پر روکا جا سکے اورغیر یقینی صورتحال کا بھی سامنا نہ ہو۔ تحریک انصا ف کا واضح موقف ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر صرف حقیقی جمہوریت میں مضمر ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :