کاشتکار کپاس کی فصل سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے منظور شدہ بی ٹی اقسام کی 15مئی تک کاشت مکمل کریں‘ترجمان محکمہ زراعت

بدھ 20 اپریل 2016 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء )محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا آغاز ہو چکا ہے اور پچھلے سال کپاس کی پیداوار کے مقابلے میں اس سال زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔ ترجمان کے مطابق کاشتکار فصل سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام کی 15مئی تک کاشت مکمل کریں۔

ترجمان کے مطابق بوائی سے پہلے بیج کو زہر آلود کریں تاکہ فصل ابتدائی 30تا40دن تک رس چوسنے والے کیڑوں خاص طور پر سفید مکھی اور سبز تیلہ کے حملہ سے محفوظ رہے جو پتوں کا رس چوسنے کے لیے علاوہ کپاس کی پتہ مروڑ وائرس بیماری کے پھیلاؤ کا باعث بھی بنتے ہیں۔بیج کے چناؤ کے لیے بیج کو پانی کی بالٹی یا ٹب میں ڈال کر تیرنے والے بیج الگ کرلیں جبکہ صرف نیچے بیٹھ جانے والے بیج ہی بوائی کے لیے استعمال کریں۔

(جاری ہے)

بوائی سے پہلے بیج سے بر اتارنے کے لیے گندھک کا تجارتی تیزاب بحساب ایک لٹر فی 10کلو گرام بیج استعمال کریں۔ بیج سے تیزاب نکل جانے کا یقین کرنے کے لیے لٹمس پیپر استعمال کریں۔اگر لٹمس پیپر کا رنگ سرخ نہ ہو تو سمجھ لیں کہ بیج میں تیزاب باقی نہیں رہا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ کھیلیوں پر کپاس کی کاشت کے لیے منظورشدہ بی ٹی اقسام کا براترا ہوا بیج 6سے8کلو گرام جبکہ ڈرل سے کاشت کے لیے 8سے 10کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔