پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستانی ہیں ،انہیں ملکی قوانین میں مکمل مراعات حاصل ہیں‘ گورنر پنجاب

پاکستان پر امن ملک ہے ،ہم ہمسایہ ملک بھارت سے بھی پر امن دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں ‘ رفیق رجوانہ کا وساکھی میلہ سمینار سے خطاب بہت جلد وزیر اعظم پاکستان بابا گورو نانک دیو جی کے نام سے منسوب انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قیام کا سنگ بنیاد رکھیں گے ‘صدیق الفاروق

بدھ 20 اپریل 2016 20:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور ہم ہمسایہ ملک بھارت سے بھی پر امن دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں ،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستانی ہیں اور انہیں ملکی قوانین میں مکمل مراعات حاصل ہیں ۔ایوان اقبال میں منعقدہ وساکھی میلہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیاد ت میں ہندو سکھ بھائیوں کی خدمت ہو رہی ہے ہم امن اور بھائی چارے کا پیغام پوری دنیا میں پھیلانا چاہتے ہیں ہماری حکومت یہاں کی اقلیتوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے وساکھی خوشی کا تہوار ہے میں سکھ قوم کو اسکی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاروق نے کہا کہ اسلام میں کوئی اونچ نیچ نہیں ہم سب برابر ہیں اور انسانیت کی خدمت میں ہی عظمت ہے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اقتصادی ترقی امن وخوشحالی اور غیریبوں کی خدمت میں مصروف ہے اور انکے چھ نکاتی مشن کی کامیابی انسانیت کی کامیابی ہے ،سکھ قوم اپنے درمیان پھوٹ ڈالنے اور سازش کرنے والوں کے خلاف آواز بلند کرے اور خبر دار رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد وزیر اعظم پاکستان جلد بابا گورو نانک دیو جی کے نام سے منسوب انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قیام کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور بہت جلد گورو دوارہ کیارہ صاحب کو بھی بحال کر کے سکھوں کے حوالے کر دیا جائے گا شرومنی گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی بھارت کے پارٹی لیڈر سردار رگبیر سنگھ نے کہا کہ سکھوں کی پہچان کا نام وساکھی ہے اور یہ دن ہمارے لیے بہت اہم ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی عزت افزائی خصوصی پیار اور سیکورٹی سمیت دیگر فول پروف انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق اور انکی ٹیم کے خصوصی شکر گزار ہیں ،سردار نریندر جیت سنگھ ،سردار منموہن سنگھ خالصہ ،سردار تارو سنگھ ،سردار رمیشن سنگھ اڑوڑا ایم پی اے و دیگرسکھ رہنماؤں نے بھی خطاب کرنے ہوئے سکھ مسلم دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے اور سکھوں کے بند گورو دوارہے کھولنے اور شمشان گھاٹ کے لیے جگہ فراہم کرنے پر حکومت اور چیئرمین بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ان اہم اقدامات کو ہمیشہ یا د رکھے گی ،اور بھارت سمیت دنیا بھی میں بسنے والی سکھ قوم اس پر بے حد خوش اور شکر گزارہے ۔

اس موقع پر سکھ مسلم دوستی زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے جبکہ گورنر پنجاب کو تقریب میں شرکت پر خصوصی تحائف دیے گئے ۔