وزیر اعلیٰ پنجاب سے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے سرگودھا کے رہائشی سرکاری سکول کے طالب علم ابو حفظ کی ملاقات

ابو حفظ کو 5لاکھ روپے اور لیپ ٹاپ دیا، ابوحفظ کی دسویں جماعت میں زیر تعلیم بہن کو بھی لیپ ٹاپ ،سکول پرنسپل کو ایک لاکھ روپے انعام دیا ابو حفظ جیسے ہونہار باصلاحیت طالبعلم پاکستان کا سرمایہ ،پہچان ہیں،ملک یا بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کریگی‘ شہباز شریف

بدھ 20 اپریل 2016 18:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئی نسل روشن مستقبل کی ضمانت ہے،پاکستانی بچے صلاحیت میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں اوریہی وجہ ہے کہ ہمارے طلبا و طالبات نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور ذہانت کا لوہا منوایا ہے ۔وہ یہاں ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈمیڈل جیتنے والے گورنمنٹ ہائی سکول بھابھڑا،کوٹ مومن سرگودھا کے ساتویں جماعت کے طالب علم ابو حفظ سے ملاقات کررہے تھے۔

ہونہار طالب علم کے والدین، بہن اورسکول کے پرنسپل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ابو حفظ جیسے ہونہار باصلاحیت طالب علم پاکستان کا سرمایہ اور پہچان ہیں۔

(جاری ہے)

ابو حفظ نے اپنی اور اساتذہ کی محنت اوروالدین کی دعاؤ ں سے ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ملک و قوم کا سرفخر سے بلند کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایسے ہونہار طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اورایسے ہونہار طلبا وطالبات کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ ابو حفظ جیسے طالب علموں کی حوصلہ افزائی پاکستان کے روشن مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے سکول کے پرنسپل کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اساتذہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور اساتذہ کا رتبہ بہت بلند ہے ۔

اساتذہ قوم کے ہونہاروں کی معیاری تعلیم و تربیت اور کردارسازی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔وزیراعلیٰ نے ابو حفظ کو 5لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ابو حفظ کی مستقبل میں پاکستان یا بیرون ملک جہاں بھی وہ تعلیم حاصل کرنا چاہے، تمام اخراجات برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر طالب علم ابوحفظ ،اس کے والدین،سکول کے پرنسپل اوربہن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ابو حفظ نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ایسے ذہین طالب علم ہمارا سرمایہ ہیں جن کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابوحفظ کی دسویں جماعت میں زیر تعلیم بہن عمامہ کو بھی لیپ ٹاپ جبکہ سکول کے پرنسپل کو ایک لاکھ روپے انعام دیا۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔واضح رہے کہ ابوحفظ نے یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز آسٹریلیا کے زیر اہتمام ریاضی کے بین الااقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ابوحفظ کے والد سرکاری سکول میں ٹیچر ہیں۔