سابق صدر رفیق تارڑ کی قیادت میں وفد کی مزار اقبال پر حاضری ، پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی کی

بدھ 20 اپریل 2016 18:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) شاعر مشرق‘ حکیم الامت‘ مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی 78ویں برسی کے سلسلے میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ‘ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ ،بزم اقبالؒ ،تحریک تکمیل پاکستان، آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے عہدیداران و کارکنان نے تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اورچیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کی قیادت میں کارکنان تحریک پاکستان کے ہمراہ مزارِ اقبالؒ پر حاضری دی ۔

مزار پر پھول چڑھائے اورعلامہ محمد اقبالؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، مزدور رہنما خورشید احمد، ممتاز کالم نگار محمد آصف بھلی، نظریۂ پاکستان فورم میرپور آزادکشمیر کے صدر مولانا محمد شفیع جوش، بیگم صفیہ اسحاق، مرزا احمدحسن، میجر(ر) صدیق ریحان، ریاض چوہدری، محمد خاور سیٹھی، چوہدری غلام سرور، ڈاکٹر یعقوب ضیاء، نواب برکات محمود،ریاض احمد چوہدری،شیخ ثناء اﷲ، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشیداور مون پبلک سکول کے طلبہ سمیت حکیم الامت سے اظہار عقیدت کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعدادموجود تھی۔

(جاری ہے)

مزار اقبالؒ آمد پرپاکستان رینجرز پنجاب کے کرنل بلال احمد وڑائچ نے محمد رفیق تارڑ کا پرتپاک استقبال کیا ۔ رینجرز کے چاق وچوبند دستے نے محمد رفیق تارڑ کو گارڈ آف آنرز پیش کیا اور انہیں سلامی دی۔