پنجاب میں سرمایہ کاری کے حجم اور نئی انڈسٹری کی تنصیت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ‘چوہدری محمد شفیق

مختلف ممالک نے پنجاب میں سرمایہ کاری اور انڈسٹری کی تنصیب میں خاصی دلچسپی لی ،جن میں سرفہرست چائنہ ، ترکی اور کوریا ہیں

بدھ 20 اپریل 2016 18:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم تیزی سے بڑھ رہا ہے پنجاب حکومت سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ معشیت تیزی سے ترقی کی منازل طے کر سکے ۔یہ بات صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری محمد شفیق نے ایکسپو سینٹر لاہور میں 9(نویں) انٹر نیشنل گارمنٹس ، ٹیکسٹائل مشینری اینڈ اسیریز کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے والے اداروں کو خصوصی مراعات دے رہی ہے یہی وجہ ہے کہ پچھلے 2سالوں میں پنجاب میں سرمایہ کے حجم اور انڈسٹری کی تنصیب میں ریکارڈ اضافہ ہے ۔مختلف ممالک نے پنجاب میں سرمایہ کاری اور انڈسٹری کی تنصیب میں خاصی دلچسپی لی ہے جن میں سرفہرست چائینہ ، ترکی اور کوریا ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی انٹرنیشنل نمائشیں پاکستان اور خاص کر پنجاب میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں لہذا ایسی نمائشوں کا انعقاد تسلسل سے ہونا چاہیے اس نمائش میں دنیا بھر کے 35 سے زائد ممالک جن میں آسٹریا ، بنگلہ دیش ، بلجیم ، کینڈا ، چائینہ ، فرانس ، جرمنی ، مصر، ہالینڈ ، اٹلی ، جاپان ، کوریا پرتگال ، سپین ، سویڈن ، سنگا پور، سوئزر لینڈ ، تائیوان ، ترکی ، یوکے اور امریکہ کی کمپنیا ں حصہ لے رہی ہیں ۔

ان کمپنیوں کی جدید مشینری سے ٹیکسٹائل کے شعبہ میں جدت آئے گی اور اس کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گارمنٹس سٹی پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے گارمنٹس انڈسٹری کو مزید فروغ حاصل ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں گارمنٹس کا بزنس عروج پر ہے لیکن پنجاب میں اس انڈسٹری کے لئے تمام بنیادی سہولیات بشمول ہنر مند افرادی قوت موجود ہے اور مستقبل قریب میں یہ انڈسٹری مزید ترقی کی منازل طے کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :