دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کی جنگ نہیں پوری دنیا کا بقاء اور امن اس سے جڑا ہے ‘ملک محمد رفیق رجوانہ

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت آنیوالی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ضربِ عضب کو منطقی انجام تک پہنچا کے دم لے گی‘گورنر پنجاب

بدھ 20 اپریل 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کی جنگ نہیں بلکہ پوری دنیا کا بقاء اور امن اس سے جڑا ہے اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ضربِ عضب کو منطقی انجام تک پہنچا کے دم لے گی،پوری دنیا ایک کنبے کی مانند ہے ،کرہ ارض کے کسی ایک حصے میں شورش ہو تو اس کے اثرات دوسرے حصوں تک لازمی پہنچیں گے اس لیے اقوام عالم کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینڈاکی ہائی کمشنرمس ہیتھر کروڈن سے ملاقات کے دوران کیا ۔ جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور پاک فوج کے ساتھ ہیں اور دہشتگردی کی بزدلانہ کاروائیاں ان کے حوصلے پست نہیں کر سکیں ۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے مشکل حالات میں اقتدار کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا تا ہم اب قیادت کی بہتر پالیسیوں سے ہر شعبہ ہائے زندگی میں بہتری آرہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اہم قومی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق و امتیاز ساتھ لیکر چلا گیا ہے اور اہم ایشوز پر متفقہ لائحہ عمل طے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے اور اس کے ثمرات ، میگا ترقیاتی منصوبوں کی صورت میں عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے موثر اور جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومت کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے زیرو ٹالرنس پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی بیخ کنی کے لیے صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ کسی بھی میگا پراجیکٹس اور عوامی ترقیاتی منصونوں میں کرپشن ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر کوئی شخص کرپشن میں ملوث پایا گیا تو وہ سزا سے نہیں بچ سکے گا۔گورنر پنجاب نے کہاکہ کنیڈا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کے مثالی تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ کینڈا کے تاجر اور سرمایہ کار بھی اس میں پیش پیش ہیں۔اس موقع پر کینڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے اور اس کے فوائد واضح نظر آ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی تعاون کو نئی وسعتوں تک لے جانا ہو گا۔کینڈین ہائی کمشنر نے اس موقع پر سانحہ گلشن اقبال پارک پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کیا۔