قوم متحد ہوکر بزدل دہشتگردوں کا خاتمہ کردے گی،خیبرسے کراچی تک پولیس افسروں اور جوانوں کا عزم غیر متزلزل ہے، امن کی بحالی میں پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں

وزیراعظم نواز شریف کا کراچی میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے پر مذمتی بیان

بدھ 20 اپریل 2016 17:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ ہے اور وہ متحد ہوکر بزدلوں کا خاتمہ کردے گی،خیبرسے کراچی تک پولیس افسروں اور جوانوں کا عزم غیر متزلزل ہے، امن کی بحالی میں پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پولیس ملک میں عمومی اور کراچی میں خصوصاً قیام امن کیلئے کوشاں ہے۔

بدھ کو وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن کی بحالی میں پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پولیس ملک میں عمومی خصوصاً کراچی میں قیام امن کیلئے کوشاں ہے، آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ مستقبل کیلئے پولیس نے جانیں قربان کی ہیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں قابل تحسین ہیں، خیبر سے کراچی تک پولیس افسروں اور جوانوں کا عزم غیر متزلزل ہے، پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہیں، وزیراعظم نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور لواحقین سے صبرجمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پوری قوم متحد ہو کر عزم کے ساتھ بزدلوں کا خاتمہ کرے گی۔