لائیوسٹاک کے شعبہ کوفعال بنانے کے لئے ایک جامع پالیسی مرتب کی جارہی ہے، محب اللہ خان

بدھ 20 اپریل 2016 17:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک اورامداد باہمی محب اللہ خان نے کہا ہے کہ لائیوسٹاک کاشعبہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے اورایسی پالیسی مرتب کی جارہی ہے جس کے تحت ہرشعبہ صوبے کی معیشت کو مستحکم بنانے کے ساتھ غریب کسانوں اومویشی پال لوگوں کی آمدن کے اضافہ کرنے میں اہم کردار اداکرے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک ،ماہی پروری اورکوآپریٹوکے سالانہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک وزراعت جمیل احمد، ڈی جی لائیوسٹاک توسیع ڈاکٹر شیر محمد،ڈی جی ریسرچ احمد نوید اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں ہچریوں کے قیام، ویٹرنری ہسپتالوں کے تعمیر، اعلی نسل کے جانوروں کوفروغ دینے ،سٹیشن برائے تحقیق وترقی صوابی ،مرکز برائے تحقیق وتشخیص چترال، جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے جدید پلاننگ کے منصو بوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی اوران منصوبوں کے فنڈز کی فراہمی اوران کی جلدتکمیل پر بھی تفصیلی غوروخوض ہوا جبکہ محکمہ کے جملہ امور سے متعلقہ معاون خصوصی کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

محب اللہ خان نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کااظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ صوبے کے زمینداروں کو پرورش حیوانات اورمرغبانی کے لئے مناسب تجاویز اورتکنیکی امداد مہیاں کی جائے اورصوبے کے دوردراز علاقوں میں بسنے والے مویشی پال لوگوں کو بہتر سہولتیں دینے کے لئے علاقائی دفاتر کے عملہ کو روابط میں رہنا چاہئیے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے ہر شعبہ عوامی توقعات کے مطابق فعال انداز میں خدمات سرانجام دے اس لئے شروع کردہ نئے منصوبوں کو اس اندازسے مکمل کیاجائے کہ وہ دیرپاثابت ہوں اور ان کے فوائد حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں اورصوبے کی آمدن میں اضافہ ہو۔