حکومت نے فرسودہ نظام کو ختم کرکے عوام کی بہتر فلاح وبہبود کویقینی بنایا ہے، محمود خان

بدھ 20 اپریل 2016 17:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء)خیبرپختونخواکے وزیر کھیل ،ثقافت ،آثار قدیمہ اورامورنوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے تبدیلی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک کی قیادت میں ٹھوس اورنتیجہ خیزاقدامات اٹھائے ہیں اورگذشتہ تین سالوں کے دوران صوبے میں قانون کی حکمرانی نچلی سطح پر لوگوں کو خودمختار بنانے ،شہریوں کو بہتر سماجی خدمات کے فراہمی اورسرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے نہ صرف ریکارڈ قوانین سازی کی بلکہ ان قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے ایک موثر میکینزم بھی فراہم کیا تاکہ گزشتہ چھ دہائیوں سے چلے آنے والے فرسودہ نظام کو ایک عوام دوست نظام میں تبدیل کرکے لوگوں کوان کی توقعات اورضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کویقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے گاوٴں راگستون مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے تحصیل مٹہ سوات کے ناظم عبداللہ خان کے علاوہ دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا ۔ا س موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے ممتاز رہنماں میر حکیم جان ،عزیز اللہ اورسمیع اللہ نے اے این پی سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا ۔اورصوبائی وزیر محمودخان کے قیادت پر مکمل اعتماد کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے مشن کو صوبے کے کونے کونے تک پہنچانے کے لئے بھرپورکوششیں کریں گے۔

صوبائی وزیرمحمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کومبارکباددیتے ہوئے کہا کہ وقت کاتقاضاہے کہ صوبے کے غیورعوام صوبے کی تعمیر وترقی اورپائیدار امن وامان کے قیام کے لئے پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے متحدہ ہوجائیں ۔انہوں نے علاقے میں کیئے گئے ترقیاتی کاموں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے حلقہ پی ۔کے 84 مٹہ سوات میں آبنوشی کے مختلف منصوبے مکمل کیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ50 کروڑ روپے کی لاگت سے مٹہ تافاضل بانڈہ روڈ پر زوروشورسے کام جاری ہے جسے جلد از جلدمکمل کیاجائے گا۔محمود خان نے کہا کہ باغ ڈھیری ایریگیشن چینل پربھی تیزی سے کام جاری ہے جس کی تکمیل سے 8 ہزار بنجر اراضی کو قابل کاشت بنایا جائے گا۔