Live Updates

وزیر اعلیٰ سے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے سرگودھا کے طالب علم ابو حفظ کی ملاقات، 5لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ دیا

نئی نسل روشن مستقبل کی ضمانت ہے ،پاکستانی بچے صلاحیت میں کسی سے کم نہیں، شہباز شریف

بدھ 20 اپریل 2016 17:23

لاہور۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئی نسل روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ پاکستانی بچے صلاحیت میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں اوریہی وجہ ہے کہ ہمارے طلباء و طالبات نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور ذہانت کا لوہا منوایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈمیڈل جیتنے والے گورنمنٹ ہائی سکول بھابھڑا،کوٹ مومن سرگودھا کے ساتویں جماعت کے طالب علم ابو حفظ سے ملاقات کے دوران کیا۔

ہونہار طالب علم کے والدین، بہن اورسکول کے پرنسپل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ابو حفظ جیسے ہونہار باصلاحیت طالب علم پاکستان کا سرمایہ اور پہچان ہے۔

(جاری ہے)

ابو حفظ نے اپنی اور اساتذہ کی محنت اوروالدین کی دعاوٴ ں سے ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ملک و قوم کا سرفخر سے بلند کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایسے ہونہار طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اورایسے ہونہار طلبا وطالبات کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ ابو حفظ جیسے طالب علموں کی حوصلہ افزائی پاکستان کے روشن مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سکول کے پرنسپل کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبا ء کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اساتذہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور اساتذہ کا رتبہ بہت بلند ہے۔

اساتذہ قوم کے ہونہاروں کی معیاری تعلیم و تربیت اور کردارسازی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔وزیراعلیٰ نے ابو حفظ کو 5لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ابو حفظ کی مستقبل میں پاکستان یا بیرون ملک جہاں بھی وہ تعلیم حاصل کرنا چاہے، تمام اخراجات برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر طالب علم ابوحفظ ،اس کے والدین،سکول کے پرنسپل اوربہن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ابو حفظ نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ایسے ذہین طالب علم ہمارا سرمایہ ہیں جن کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابوحفظ کی دسویں جماعت میں زیر تعلیم بہن عمامہ کو بھی لیپ ٹاپ جبکہ سکول کے پرنسپل کو ایک لاکھ روپے انعام دیا۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔واضح رہے کہ انوحفظ نے یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز آسٹریلیا کے زیر اہتمام ریاضی کے بین الااقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ابوحفظ کے والد سرکاری سکول میں ٹیچر ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :