امریکی نائب سفیر کا انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کا دورہ،امریکی قونصل خانہ لاہور کے اشتراک سے یونیورسٹی میں لنکن کارنر کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

بدھ 20 اپریل 2016 17:14

امریکی نائب سفیر کا انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کا دورہ،امریکی ..

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔20اپریل۔2016ء) :امریکی نائب سفیر جوناتھن پریٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف نے یونیورسٹی اور امریکی قونصل خانہ لاہور کے اشتراک سے یونیورسٹی میں لنکن کارنر کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ جوناتھن پریٹ نے کہا کہ لنکن کارنر لاہور میں تعلیمی پروگرام، امریکی مقررین کے مباحثے، انگریزی زبان سکھانے کے حوالے سے سرگرمیاں اور دیگرثقافتی تقریبات جیسا کہ حال ہی میں یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے اری رولینڈ جیزکوارٹیٹ کانسرٹ ،منعقد کی جائیں گی۔

لنکن کارنرز امریکی سفارتخانہ، قونصل خانوں اور منتخب تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کار ہیں۔جامعات،عوامی لائبریریوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں قائم ہونے والے لنکن کارنرز میں امریکہ کے بارے میں اطلاعات، انگریزی زبان کی تعلیم، امریکہ میں تعلیم کے حوالے سے معلومات مہیا کی جاتی ہیں، ثقافتی تقریبات اور الومینائی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ مراکز کھلی بحث ومباحثہ کو فروغ دینے،پہلے سے موجود منفی تصورات کے خاتمے اور باہمی افہام و تفہیم کیلئے پُل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان مراکز کا دورہ کرنے والے افراد کو وائی فائی تک مفت رسائی کے علاوہ کتب، رسائل و جرائد، ویڈیو، انٹرنیٹ، ڈیٹا بیس اور عوامی پروگراموں کے ذریعے امریکہ کے بارے میں معتبر معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد ڈاکٹر سیف نے امریکی نائب سفیر کو پلان نائن انکوبیٹر اور پلان ٹین ایکسیلریٹر کا دورہ بھی کرایا ۔یہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منصوبے ہیں اور آئی ٹی یو میں قائم ہیں۔ جوناتھن پریٹ کے ہمراہ پلان نائن کی وہ کاروباری شخصیات بھی تھیں جو آسٹن ،ٹیکساس ،میں اے ٹی ایکس+پاک کے دورہ کے لئے منتخب کی گئی ہیں ۔

یہ منصوبہ پلان نائن،پلان ٹین کو آسٹن شہر کے ساتھ مربوط کرتا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ اس منصوبے کیلئے امریکی قونصل خانہ لاہور نے پانچ لاکھ ڈالر ز کی اعانت فراہم کی ہےجس کی بدولت متحرک کاروباری برادری،سرمایہ کار وں اور تخلیقی افراد کو پاکستان کی تیزی سے ابھرنے والی سٹارٹ اپ کمیونٹیز سے روشناس کرایا جائے گا۔ اٹھائیس کاروباری افرادآسٹن میں منعقدہ اے ٹی ایکس،پاک میں شرکت کرینگے۔پلان۹، پلان ایکس میں انکیوبیشن سائیکلز کے ساتھ ساتھ ہر سال افتتاحی اجلاس بھی ہواکریں گے۔شرکاء صف اول کے کاروباری ماہرین اور سرمایہ کار وں سے انفرادی اور گروہی تدریسی نشستوں کے ذریعے خصوصی کاروباری ضروریات کے حوالے سےتربیت حاصل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :