نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو رضا کاروں کی حفاظت پر مامور 7پولیس اہلکارشہید

شہید اہلکاروں میں سپاہی رستم، سپاہی اسماعیل، سپاہی وزیر احمد، سپاہی غلام رسول، سپاہی دائم الدین، سپاہی غازی خان اور سپاہی یاسین شامل

بدھ 20 اپریل 2016 17:07

کراچی ۔ 20 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء) اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنگلہ بازار میں پولیو رضا کاروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سے 7 اہلکار شہید ہو گئے۔ بدھ کو اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار تھانے کی حدود بنگلہ بازار میں پولیو رضا کاروں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او تھانہ پاکستان بازار سب انسپکٹر سرفراز کے مطابق فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے، پہلے واقعہ میں اورنگی ٹاؤن میں پولیو مہم کے دوران پولیو کی ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس موبائل پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے چار پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا جبکہ دوسرے واقعہ میں بنگلہ بازار میں پیدل اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 3 اہلکاروں کو شہید کردیا۔

تھانہ پاکستان بازار کے سپاہی یونس کے مطابق شہید اہلکاروں میں سپاہی رستم، سپاہی اسماعیل، سپاہی وزیر احمد، سپاہی غلام رسول، سپاہی دائم الدین، سپاہی غازی خان اور سپاہی یاسین شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد شہید اہلکاروں کی نعشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔