نواز شریف کو پانامہ الزامات کے بعد اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہئے، ترجمان آزاد کشمیر حکومت

بدھ 20 اپریل 2016 15:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 اپریل۔2016ء) آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان اور وزیر اطلاعات عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کو پانامہ الزامات کے بعد اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ اب میاں نواز شریف کو اپنے عہدے سے فوراً استعفیٰ دے دینا چاہئے کیونکہ یہ انٹرنیشنل سکینڈل ہے جس سے دنیا کے دیگر رہنماؤں نے اپنی جرت اور غیرت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے دستبردار ہوئے اب تک 12 بڑے لوگوں نے استعفےٰ دیئے ہیں جس میں آئس لینڈ ، تاجکستان ، یوکرائن ، سپینش اورجرمنی شامل ہیں وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پانامہ لیکس سکینڈل کو دبایا نہیں جا سکتا اس سے شریف خاندان کی سیاست بری طرح متاثر ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس سے ن لیگ کی ساکھ آزاد کشمیر میں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور آزاد کشمیر کی عوام میں سخت تشویش پیدا ہوئی ہے آئندہ الیکشن میں ن لیگ کو بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لیتے ہوئے واضع اکثریت حاصل کرے گی ۔