صدر مملکت ممنون حسین نے اطالوی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل سٹاف جنرل کلاڈیو گرازیانو کو نشان امتیاز (عسکری) عطا کیا

پاکستان قومی لائحہ عمل کے ذریعے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے،صدر مملکت ممنون حسین

بدھ 20 اپریل 2016 15:03

اسلام آباد ۔ 20 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اطالوی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل سٹاف جنرل کلاڈیو گرازیانو کو نشان امتیاز (عسکری) عطا کیا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کو ایوان صدر میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں انہیں پاکستان اور اٹلی کی مسلح افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لئے ان کی غیر معمولی خدمات اور کردار کے اعتراف میں اس اعزاز سے نوازا گیا۔

تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، سیکریٹری دفاع اور سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل کلاڈیو گرازیانو نے کہا کہ انہیں یہ باوقار اعزاز حاصل ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج ایک جیسی اقدار کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے علاقے میں امن و استحکام کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کے کردار کی تعریف کی۔

جنرل کلاڈیو گرازیانو نے کہا کہ اگرچہ ہم جغرافیائی طور پر دور ہیں لیکن دونوں مسلح افواج کے درمیان شاندار تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ بعد ازاں جنرل کلاڈیو گرازیانو نے صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ صدر نے انہیں نشان امتیاز (عسکری) ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام میں ان کی خدمات کو سراہا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان قومی لائحہ عمل کے ذریعے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ صدر نے کہا کہ دنیا میں تمام ممالک کو انسداد دہشت گردی کے لئے مل کر کوششیں کرنی چاہئیں کیونکہ یہ لعنت ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا بدترین شکار رہا ہے اور اس نے 60 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور 100 ارب ڈالر سے زائد کا اقتصادی نقصان اٹھایا ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے اور اب ہمیں اس تعاون کو مزید تقویت دینے کے لئے مضبوط بنیاد میسر ہے۔ صدر نے اس امر کو سراہا کہ اٹلی پاکستان کی مسلح افواج کے اہلکاروں کو تربیتی سہولیات پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ جنرل کلاڈیو گرازیانو نے نشان امتیاز (ملٹری) عطا کرنے پر صدر مملکت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مستقبل میں نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ جنرل کلاڈیو نے کہا کہ دنیا میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے اٹلی اور پاکستان کے درمیان تعاون کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔

متعلقہ عنوان :