تین روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کی کڑی نگرانی و مانیٹرنگ کیلئے ڈی سی او فیصل آباد کی سربراہی میں کنٹرو ل روم قائم

بدھ 20 اپریل 2016 14:35

فیصل آباد۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء ) حکومتی ہدایات کی روشنی میں تین روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کی کڑی نگرانی و مانیٹرنگ کیلئے ڈی سی او فیصل آباد کی سربراہی میں کنٹرو ل روم قائم کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر25اپریل بروز پیر سے شروع ہونے والی تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع فیصل آباد کے کسی گلی ، محلہ ، گاؤں ، قصبہ، موضع ، ٹاؤن یا بستی میں محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے نہ پہنچیں تو اس کی اطلاع فوری طور پر ڈی سی او آفس فیصل آباد میں قائم کئے گئے کنٹرول روم کے فون نمبر041-9201491-92 پر دی جائے تاکہ نہ صرف فوری طور پر متعلقہ علاقہ میں پولیو ٹیم بھجوائی جا ئے بلکہ ٹیم کے نہ پہنچنے پر متعلقہ حکام سے باز پرس بھی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 13لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی 2958موبائل ، فکسڈ و ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ گھروں ، سکولوں کے علاوہ ٹرانسپورٹ اڈوں،ریلوے اسٹیشنز ،اےئرپورٹ،موٹروے انٹرچینجزاورشہر کے داخلی وخارجی راستوں پر کوئی بھی بچہ حفاظتی ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ سکے۔

انہوں نے بتایا کہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے کے لئے دو دن اضافی 28اور29اپریل کو بھی محکمہ صحت کی ٹیمیں متحرک رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو مختلف وقفوں سے بار بار پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا مقصد اس وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا ہے جس میں کوئی کوتاہی یا غفلت کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ مہم کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور اگر کسی جگہ لاپرواہی نظر آئی تو محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :