انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو ، کمپوزٹ و علوم السنہ شرقیہ کے سالانہ امتحانات 7مئی سے شروع ہوں گے

بدھ 20 اپریل 2016 14:22

فیصل آباد۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ ، سرگودھا، ملتان ، ساہیوال ، بہاولپور، ڈی جی خان ، لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام9 تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو ، کمپوزٹ و علوم السنہ شرقیہ کے سالانہ امتحانات 7مئی سے شروع ہوں گے جس میں شرکت کرنے والے تمام ریگولر و پرائیویٹ طلباء و طالبات کو رول نمبرسلپوں کا اجراء شروع کر دیا گیاہے اور مذکورہ طلباء و طالبات پر واضح کیاگیاہے کہ اگر کسی طالب علم کو 30اپریل بروز ہفتہ تک رول نمبر سلپ نہ ملے تو وہ فوری طور پر متعلقہ بورڈ کی امتحانی برانچ سے رابطہ کرکے ڈو پلیکیٹ رول نمبر سلپ حاصل کرسکتاہے۔

پنجاب ایجوکیشن بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز و بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ ریگولر طلباء و طالبات کو رول نمبر سلپیں ان کے متعلقہ تعلیمی اداروں جبکہ پرائیویٹ طلباء و طالبات کو رول نمبر سلپیں ان کے داخلہ فارموں پر دیئے گئے گھروں کے پتہ جات پر کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ رول نمبر سلپوں کے ہمراہ ڈیٹ شیٹ کا بھی اجراء کیاگیا ہے تاہم مذکورہ ڈیٹ شیٹ متعلقہ تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤ ن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ رول نمبر سلپ کے بغیر طلباء و طالبات کو امتحانی سنٹر میں داخلے اور پیپرز میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔