مظفر آباد ‘ نواحی علاقے ڈنہ سہوترمیں لینڈ سلائیڈنگ سے دو گاوٴں صفحہ ہستی سے مٹ گئے ‘ سینکڑوں گھر اور سڑکیں ملیامیٹ

بدھ 20 اپریل 2016 14:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) نواحی علاقے ڈنہ سہوترمیں لینڈ سلائیڈنگ سے دو گاوٴں صفحہ ہستی سے مٹ گئے‘ سیکڑوں گھر اور سڑکیں ملیا میٹ ہوگئیں ۔اطلاعا ت کے مطابق مظفرآباد کے نواحی علاقے ڈنہ سہوترمیں لینڈ سلائیڈنگ سے دو گاوٴں صفحہ ہستی سے مٹ گئے ‘ 100 سے زائد مکانات ، سڑکیں، راستے اور زرعی زمینیں مکمل طورپر تباہ ہوگئیں ۔

سینکڑوں افراد کے بے گھرہونے کے وجہ سے علاقے میں کسمپرسی کا عالم ہے ‘ متاثرین کی مدد کے لیے آزاد کشمیر انتظامیہ اور پاک فوج نے امدادی کام شروع کردیا ہے۔ لینڈ سلائڈنگ کا شکار لوگوں نے بتایاکہ 2005 کے زلزلے میں ان کے مکانات گر گئے تھے تاہم زمین باقی تھی اب تو لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے ان کی زمینیں بھی ختم ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مظفر آباد نے بتایا کہ متاثرین کے لیے فوری طور پر 120 کنال زمین کا حصول ممکن بنا لیا گیا ہے اورحکومت گھروں کی تعمیر کے لیے 60 ہزارروپے فی خاندان معاوضہ ادا کردے گی۔

دوسری جانب ماہرین ارضیات نے علاقے کو ناقابل رہائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کی زمین سرکنے کا سلسلہ اگست 2015 سے جاری ہے، زیر زمین پانی کی زیادتی ہے، 10 سال تک علاقے میں لینڈسلائیڈنگ رکنے کا کوئی امکان موجود نہیں اب تک علاقے میں 100 سے زائد گھر مکمل تباہ ہوگئے ہیں جب کہ 125 گھر کسی بھی وقت گر سکتے ہیں۔