راجہ حیدرخان کے نقش قدم ،خاندانی روایت پرچلتے ہوئے عوام کی خدمت میرامشن ہے ،راجہ فاروق حیدرخان

بدھ 20 اپریل 2016 14:04

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) سابق وزیراعظم ریاست جموں وکشمیر پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے صدر قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدرخان نے کہاہے کہ والدراجہ حیدرخان کے نقش قدم اورخاندانی روایت پرچلتے ہوئے عوام کی خدمت میرامشن ہے میرے خون اوردودھ میں دلیری جرات اورغیرت شامل ہے انشاء اللہ آزادکشمیرکوتحریک آزادی کا حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بناکر انصاف کی بالادستی ‘ قانون کی حکمرانی اوریہاں بھائی چارے کی فضاء قائم کریں گے اللہ نے موقع دیا تومسلم لیگ نوازبرسراقتدارآتے ہی چارماہ کے اندر بلدیاتی انتخابات کرائے گی آزادکشمیرکے لوگوں کو صرف 29لوگوں کے سپرد نہیں کیاجاسکتا ‘ بلدیاتی انتخابات میں ہرسطح پر نوجوانوں کیلئے 25فیصد کوٹہ مختص کریں گے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ نوازکاپرچم نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگا نظام کی تبدیلی کیلئے اورفرسودہ سفارشی کلچر ختم کرنے کے لئے نوجوانوں کو اپناکردار اداکرناہوگا ‘ راجہ فاروق حیدرخان گزشتہ روز حیدرمیموریل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام راجہ حیدرخان کی برسی کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ جرات اوردیانت کامظاہرہ کیا ہمیں کرپشن اور بے غیرتی کا کوئی طعنہ نہیں دے سکتاجرات اورغیرت کی پہلے بھی بڑی قیمت اداکی ہے اورآئندہ بھی ہرقربانی دینے اور ہرقیمت اداکرنے کو تیارہوں ‘ دوماہ بعد انتخابات ہونا ہیں مظفرآباد ڈویژن کے عوام ساتوں سیٹوں پر مسلم لیگ ن کے امیدوارروں کوکامیاب بناکر میرے ہاتھ مضبوط کریں اورمیرا سر فخر سے بلند کریں ‘ فاروق حیدرخان نے کہاکہ ہم کسی کے ذات کے خلاف نہیں ہیں اورنہ کسی سے کوئی عداوت ہے اپناپروگرام پیش کرناچاہتے ہیں ہم خطہ میں امن ‘ خوشحالی ‘ ترقی ‘ میرٹ بالادستی چاہتے ہیں سب سے بڑی خرابی قانون توڑ کر بددیانتی کرنا ہے ‘ قانون توڑنے والا وزیراعظم ہو ‘ وزیر ہوں یا کوئی اوراُس پر لعنت ۔

(جاری ہے)

ہم چاہتے ہیں کہ آزادکشمیرسے کرپشن اورسفارش کا خاتمہ ہو ‘ فاروق حیدر نے کہاکہ نوازشریف نے پاکستان میں خوشحالی کا پروگرام شروع کررکھاہے اس کوآزادکشمیر تک بڑھائیں گے ‘ کچھ لوگ یہ سوچتے ہیں کہ نوازشریف کی حکومت ختم ہوجائے گی ‘ ایسا ممکن نہیں نوازشریف صرف ووٹ سے جاسکتاہے اورانتخابات پاکستان کے اندر 2018ء میں ہوں گے اگرکسی نے ووٹ کے علاوہ کوئی راستہ نکالا توملک کے استحکام کو خطرات لاحق ہوں گے ‘ فاروق حیدر خان نے کہاکہ لوگوں کو اب تبدیلی کیلئے کرداراداکرناچاہئے اگرآزادکشمیرکے لوگ بددیانت ٹولہ کو لاناچاہتے ہیں تو ہم کیاکرسکتے ہیں ‘ لیکن یادرکھیں کہ اگر یہ ٹولہ دوبارہ مسلط ہوگیا تو پھر تباہی مقدرہوگی ہم محبت بانٹنا چاہتے ہیں ‘ کرپشن ختم کرنا چاہتے ہیں ‘ سفارشی کلچر مزید پروان چڑھا تو معاشرہ تباہ وبرباد ہوجائیگا ‘ تمام جماعتوں کے سیاسی کارکن ہماری جانب آئیں اور ہمارا ساتھ دیں سیاسی کارکن ‘ سیاسی نظام کی بنیاد ہیں نظریاتی کارکنوں کو فراموش نہیں کرسکتے ‘ انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے آزادکشمیرکے انتخابات میں کسی کو سپورٹ کرنے کی کوئی ہدایت کی ہے نہ ہماری خواہش ہے نہ ہی کوئی پاکستان سے الیکشن پر اثرانداز ہوگا ‘ انتخابات شفاف ہوں گے ‘ کچھ دن پہلے موجودہ وزیراعظم اور دوسابق وزرائے اعظم نے انتخابی فہرستوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام ہوئے اور پھر چیف الیکشن کمشنر کے اقدامات پر اعتماد کااظہاربھی کرلیا ‘ بوگس ووٹ خارج کرنا ایسے لوگ جو وفات پاگئے ان کے ووٹ ختم کرنا اور ڈبل ووٹ کاخاتمہ کوئی جرم نہیں ‘ مہاجرین نشستوں پر فراڈ کیاجارہاتھا اُس کابھی خاتمہ کیا ‘ فاروق حیدر نے کہاکہ موٹوگینگ اور چھوٹورام ملکر انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کریں ‘ تصدیق ضروری ہے ‘ چیف الیکشن کمشنر سے کہتاہوں کہ وہ تصدیق کی شق جو قانون کاحصہ ہے ختم نہ کریں ‘ چیف الیکشن کمشنر سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلاکر ضابطہ اخلاق جاری کریں ‘ میڈیا احتیاط سے کام لے ایسی رپورٹنگ کی جائے جس سے پرامن فضاء اور اخوت قائم رہے ‘ فاروق حیدرخان نے کہاکہ سفارشی کلچر کونیست ونابود کرنا چاہتاہوں اللہ کو حاضرناظر جان کرکہتاہوں اقتدارکی خواہش نہیں میں وزیراعظم رہ چکاہوں عوام نے جوعزت واحترام اورمحبت دے رکھی ہے یہ جھنڈی سے کہیں زیادہ ہے ‘ صرف نظام ٹھیک کرنے کیلئے اختیارچاہئے اوراس اختیارکیلئے عوام میرے ساتھ تعاون کریں ‘ انہوں نے کہاکہ اس وقت کشمیری عوام مقبوضہ وادی میں پاکستان کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ‘ فاروق حیدرخان نے پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا پرسخت تنقیص کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کاالیکٹرانک میڈیا کشمیرکونظراندازکررکھاہے اگریہ سلسلہ جاری رہا تو ان کی نشریات آزادکشمیرمیں چلنے دیں گے انہوں نے کہاکہ میں اخبارات کاشکرگزارہوں کہ وہ مسئلہ کشمیرکو اہمیت دے رہے ہیں اورکشمیریوں کی قربانیوں کواجاگرکررہے ہیں ‘ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا کے مالکان بتائیں ان کاقبلہ کس طرف ہے فاروق حیدرخان نے کہاکہ بارشوں سے وسیع پیمانے پر تباہی آئی ہے کڑلی متاثرین سے متعلق وفاق سے بات ہوچکی ‘ ڈنہ لینڈسلائیڈنگ کے متاثرین کی بھی وفاقی سطح پر امداد ہوگی انہوں نے برسی کی تقریب کے انعقاد پر حیدرمیموریل ایسوسی ایشن کے صدر راجہ ممتازخان جنرل سیکرٹری راجہ اخترحسین اوراُن کی ٹیم کا شکریہ اداکیا ۔