فرسودہ نظام کی تبدیلی کیلئے دیانتدار قیادت کا انتخاب ضروری ہے،عبدالرشید ترابی

بدھ 20 اپریل 2016 14:04

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء)جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لئے دیانتدار قیادت کا انتخاب ضروری ہے۔اس کی وجہ سے ہم مسائل کی دلدل سے نکل سکتے ہیں۔جماعت اسلامی آمدہ انتخابات میں پوری قوت سے حصہ لے گی۔تمام حلقوں سے امیدوار کھڑے کردیے ہیں۔الیکشن مہم کا آغاز ہوچکا ہے۔

رابطہ مہم کا سلسلہ جاری ہے۔جماعت کے پاس ایسی قیادت موجود ہے جن کا ماضی بے داغ ہے اور کرپشن سے ان کا دامن پاک وصاف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفتر جماعت اسلامی عیدگا روہڈ مظفرآباد میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمن ایڈووکیٹ،ضلعی امیر قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ اور شیخ منظور نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہروقت عوامی کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے اور اپنی بساط سے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ہے۔جب بھی کوئی مشکل وقت آیا تو نامساعد حالات کے باوجود جماعت اسلامی نے آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کی۔اس وقت بھی جماعت اسلامی خدمت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔جماعت کے ادارے عوامی خدمت کرنے میں مصروف ہیں۔ریڈ فاؤنڈیشن اس وقت ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے اور تعلیمی میدان میں بھی کامیابیاں حاصل کررہی ہے جوکہ جماعت اسلامی کا ادارہ ہے۔

جماعت اسلامی نے اقتدار اور اختیار نہ ہونے کے باوجود بھی عوام کی وسیع پیمانے پر خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خطہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے۔حکمرانوں نے تحریک آزادی کشمیر کو فراموش کردیا ہے مگر جماعت اسلامی نے اس حوالے سے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔اپنے ہزاروں نوجوانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ہماری جدوجہد کا مقصد اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔اس کی وجہ سے ہی ہمارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام آمدہ انتخابات میں دیانتدار اور خوف خدارکھنے والی قیادت کا انتخاب کرے تاکہ خطہ کے مسائل بھی حل ہوسکیں۔