علی موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست پر ہائی کورٹ آفس کا اعتراض ختم

بدھ 20 اپریل 2016 13:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست پر ہائی کورٹ آفس کا اعتراض ختم کر دیا اور درخواست سماعت کے لئے متعلقہ بینچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے علی موسیٰ گیلانی کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں سابق وزیر اعظم کے بیٹے نے ای سی ایل میں اپنا نام شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا ہے ۔ درخواست پر ہائی کورٹ آفس نے اعتراض لگایا کہ ایفیڈرین کیس اسلام آباد کی عدالت میں زیر سماعت ہے اس لیے درخواست گزار راولپنڈی بینچ سے رجوع کرے تاہم جسٹس خالد محمود خان نے درخواست پر اعتراض ختم کر دیا اور ہدایت کی کہ درخواست سماعت کے لئے متعلقہ بینچ کے روبرو پیش کی جائے ۔