رحیم یار خان، انٹرنل میرٹ سکالرشپ مڈل امتحان 2015ء سیکنڈری سکول وظیفہ کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 30اپریل

بدھ 20 اپریل 2016 13:54

رحیم یار خان۔ 20 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء)ضلعی افسرتعلیم سیکنڈری رحیم یارخان میاں عزیزاحمدقریشی نے کہاہے کہ انٹرنل میرٹ سکالرشپ مڈل امتحان 2015ء سیکنڈری سکول وظیفہ کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 30اپریل2016ء مقررکی گئی ہے جس کی تحریری اطلاع ضلع کے تمام تحصیل کوآرڈینیٹرسکول کے ذریعے پرائیویٹ رجسٹرڈسکولوں کوبھی کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایسے طلباء وطالبات جنہوں نے مڈل امتحان 2015ء میں60 فیصدسے زیادہ نمبر حاصل کیے ہوں تحصیل کوآرڈینیٹرسکول سے درخواست فارم حاصل کرکے سربراہ ادارہ سے تصدیق کرواکرہرطرح مکمل کرکے ساتھ گزٹ/رزلٹ کارکردگی کی کاپی لگاکردفترڈی ای اوسیکنڈری جمع کروائیں اورڈائری انٹری نمبرضرورحاصل کریں بعد میں نامکمل فارم کولسٹ میں شامل نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ درخواست فارم گورنمنٹ بوائزماڈل ہائی سکول صادق آباد‘ گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری ہائی سکول رحیم یارخان‘ گورنمنٹ بوائزماڈل ہائی سکول خانپور‘ گورنمنٹ بوائزماڈل ہائی سکول لیاقت پور سے وصول کیے جاسکتے ہیں مقررہ تاریخ گزرجانے کے بعد کوئی وظیفہ فارم وصول نہیں کیاجائے گا۔