وزارت مذہبی امورکی تمام حج پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو وہ ہر حاجی سے طے کیے گئے پیکج کا 5فیصد بطور پرفارمنس گارنٹی وزارت میں جمع کرانے کی ہدایت

بدھ 20 اپریل 2016 13:46

اسلام آباد ۔ 20 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء) وزارت مذہبی امور نے تمام حج پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر حاجی سے طے کیے گئے پیکج کا 5فیصد بطور پرفارمنس گارنٹی وزارت مذہبی امور میں جمع کرائیں، ہر پرائیویٹ حاجی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی منظوری وزارت مذہبی امور دے گی۔ حج پالیسی 2016ء کے مطابق زرضمانت کے تحت جمع ہونے والی رقم پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزر کو حج کے بعد اس صورت میں واپس کی جائے گی جب ان کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں ہو گی۔

پرائیویٹ گروپ آرگنائزر کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ حج 2016ء کے حوالے سے منصوبہ بندی اور انتظامات کے لئے سروسز پرووائیڈر ایگریمنٹ بھی وزارت مذہبی امور کے ساتھ طے کریں۔ اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کا بطور ثالث ہر فیصلہ حتمی تصور ہو گا۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور نے متنبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ سکیم کے تحت کیے گئے کسی بھی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ٹور آپریٹر پر 5 سال کے لئے پابندی یا بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور تمام ٹور آپریٹر کے لئے لازمی ہے کہ وہ وزارت کی طرف سے فراہم کئے گئے حج کوٹے کے مطابق تمام حاجیوں کے ذرائع آمدورفت کے چارجز، معلم فیس، منیٰ میں رہائش کے چارجز وزارت مذہبی امور میں بروقت جمع کرائیں۔

حتمی منظوری کے خطوط کے اجراء سے قبل اگر ان کے ذمہ کوئی بقایا جات ہوئے تو وہ بھی ادا کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی حج گروپ آرگنائزر سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ یا رہائش سے متعلق معاہدوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تو آئندہ اس پر کوٹے کے اجراء کی پابندی سمیت ضابطے کی دیگر کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ ہر حج گروپ آرگنائزر کو پاکستان کی وزارت مذہبی امور اور سعودی عرب کی وزارت حج کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات پر بھی عمل کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :