عمان کے ویزا تجدید کی فیس میں 125 ملین عمانی ریال اضافے کی تجویز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 اپریل 2016 13:31

عمان کے ویزا تجدید کی فیس میں  125 ملین عمانی ریال اضافے کی تجویز

عمان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 اپریل 2016ء): عمان کے لیے ویزا تجدید کی فیس میں 125 ملین عمانی ریال اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔ عمان میں کام کرنے والے غیر ملکی افراد کے لیے ویزا تجدید کی فیس میں اضافے پر نظر ثانی کرنے کی تجویز بھی دائر کی گئی ہے۔ تجویز دینے والے مجلس شوریٰ کے ایک ممبر نے بتایا کہ نظر ثانی کی تجویز مجلس شوریٰ کے گذشتہ اجلاس میں ویزا تجدید کی فیس میں کم از کم 125 ملین عمانی ریال حاصل کرنے کی تجویز پر پیش کی گئی ہے۔

ٹائمز آف عمان کے مطابق تجویز جمع کروانے والے مجلس شوریٰ کے ممبر طافق الاواطی نے بتایا کہ اگر ویزا تجدید کے لیے موجودہ فیس کو 200 عمانی ریال سے بڑھا کر 300 عمانی ریال کر دیاجائے تو حکومت اس فیس سے اضافی 125 ملین عمانی ریال کما سکتی ہے۔

(جاری ہے)

تجویز کے مطابق 300 عمانی ریال سے کم کمانے والے غیر ملکی کارکن ویزے کے تجدید کے لیے 300 عمانی ریال ادا کریں گے۔

جبکہ 300 عمانی ریال سے زائد کمانے والے غیر ملکی افراد ویزے کی تجدید کے وقت دو سال تک اپنی ماہانہ تنخواہ کا 3 فیصد ادا کریں گے۔ موجودہ وقت میں حکومت ویزے کی تجدید سے حاصل ہونے والی رقم سے 250 ملین عمانی ریال حاصل کرتی ہے۔ جبکہ اب ویزا تجدید کی فیس کو 200 عمانی ریال سے بڑھا کر 300 عمانی ریال کرنے سے اس رقم میں مزید 125 ملین عمانی ریال کا اضافہ ہو گا، اور زیادہ کمانے والے افراد سے ویزا تجدید کے عوض حاصل ہونے والی رقم سے حکومت کو مزید رقم حاصل ہو گی۔

اعداد و شمار اور معلومات کے قومی مرکز کے گذشتہ برس کے مارچ کے ڈیٹا کے مطابق عمان میں غیر ملکیوں کی تعداد 20 لاکھ 4 ہزار 820 پر پہنچ چکی ہے۔ پیش کی گئی تجویز کے مطابق اگر ایک غیر ملکی کی مجموعی ماہانہ تنخواہ ایک ہزار عمانی ریال ہے تو دو سال کی تنخواہ 24 ہزار عمانی ریال ہو جائے گی۔ جس سے اس تنخواہ کا 3 فیصد 720 ریال ہوگا، نئی تجویز کے مطابق ویزے کی تجدید کے لیے 300 عمانی ریال سے زائد ماہانہ آمدنی والے غیر ملکی افراد 720 عمانی ریال ادا کریں گے۔ مجلس شوریٰ کے ممبر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے حکومت کو مزید ریونیو حاصل ہو گا۔