چھوٹو گینگ کے سرغنہ نے آپریشن ضرب آہن کے 24ویں روزساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر خودکو فورسز کے حوالے کر دیا

یرغمال بنائے گئے 24پولیس اہلکار رہا ہو کر پاک فوج کے پاس پہنچ گئے

بدھ 20 اپریل 2016 13:23

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 اپریل۔2016ء) چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو نے آپریشن ضرب آہن کے 24ویں روز ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر خودکو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا، یرغمال بنائے گئے 24پولیس اہلکار بھی رہا ہو کر پاک فوج کے پاس پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

بدھ کو نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ کچا جمال کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن ضرب آہن کے 24ویں روز چھوٹو گینگ سے تعلق رکھنے والے ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال کر خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا،پاک فوج کے سامنے سرنڈر کرنے والوں میں چھوٹو گینگ کا سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو بھی شامل ہے جبکہ یرغمال بنائے گئے 24پولیس اہلکار بھی رہا ہو کر پاک فوج کے پاس پہنچ گئے ہیں تاہم کچا جمال کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، سرچ آپریشن میں 3 کاپٹرز کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کا کچا جمال میں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا تھا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری بھی کی گئی ۔ دوسری طرف چھوٹو گینگ کے سرغنہ نے اعلان کیا تھا کہ پولیس کے سامنے نہیں فوج کے سامنے ہی سرنڈر کروں گا۔

متعلقہ عنوان :