کراچی،سندھ حکومت ،واٹر بورڈ انتظامیہ این اے 250کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بندکریں، خرم شیر زمان

اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہیں لئے توپی ٹی آئی پانی کے حصول کے لئے شدید عوامی احتجاج شروع کریگی،رکن سندھ اسمبلی

منگل 19 اپریل 2016 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ خصوصاً سندھ حکومت اور واٹر بورڈ انتظامیہ NA250کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بندکریں۔حکومت سندھ شہر بھر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے ۔حلقے سمیت شہر بھر میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور حکومت سندھ شہریوں کو پانی جیسی بنادی سہولت فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام نظر آ رہی ہے۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شہر کراچی میں غیر قانونی پانی کے ہائیڈرنٹ اور فیکٹریوں میں لگے ہوئے پانی کے غیر قانونی کنکشن کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی میں ناکام ہو چکا ہے ۔ یہ باتیں انہوں نے اپنے حلقہ پی ایس 112کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنان اور علاقہ معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو لوٹ مار اور کرپشن سے فرست نہیں مل رہی ہے ۔ گرمیاں شروع ہوتے ہی کراچی کے شہری پانی کی عدم دستیابی پر سراپہ احتجاج ہوں گے۔ اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہیں لئے تو تحریک انصاف پانی کے حصول کے لئے شدید عوامی احتجاج شروع کرے گی اور حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داریاں واٹر بورڈانتظامیہ کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت پر عائد ہوں گی۔

اگر حکومت سندھ کراچی کے شہریوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہوتی تو حکومت سندھ کے مسلسل 8سال حکومت کرنے کے باوجود شہریوں کو پانی جیسی بنیادی سہولت کے لئے دربدر کی ٹھوکریں نہیں کھانی پڑتی۔ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر کراچی میں پانی کے اس بنیادی مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ ماضی کی طرح ہمیں شدید گرمی سے قیمتی جانوں کا نقصان نہ اٹھانا پڑے۔