ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے‘چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت

منگل 19 اپریل 2016 19:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ( ریٹائرڈ) زاہد سعید نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2015-16 کاجائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکموں کی ترقیاتی سکیموں کا ماہانہ جائزہ لیں اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جائزہ اجلاس کا مقصد ترقیاتی کاموں کی تفصیلات معلوم کرنا اور محکموں کو اس بات کا پابند بنانا ہے کہ وہ باہمی تعاون کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ فنڈ زضائع نہ ہوں۔ چیف سیکرٹری نے محکموں کی جانب سے فنڈز کے استعمال کومجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیا تاہم انہوں نے بعض محکموں کو فنڈز کے استعمال کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ رواں مالی سال مکمل ہونے والی سکیموں کیلئے فنڈز کی فراہمی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور ان سکیموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جہانزیب خان، مختلف محکموں کے ایڈمنسٹریز سیکرٹریز، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :