بھارت نواز سیاستدان بھارتی مظالم کی پردہ پوشی میں مصروف ہیں ، یاسین ملک

منگل 19 اپریل 2016 12:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 اپریل۔2016ء) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت نواز سیاستدان بھارتی مظالم کی پردہ پوشی کر رہے ہیں جس کا واضح ثبوت کپواڑہ اور ہندواڑہ کے حالیہ خونین واقعات کے ضمنمیں ان سیاست کاروں کا طرز عمل ہے اپنے ایک بیان میں محبوس حریت رہنما یاسین ملک نے کہا کہ ہندواڑہ اور کپواڑہ میں پچھلے ایک ہفتے سے جو کھیل کھیلا جا رہا ہے اور جس طرح سے پانچ معصوموں کے لہو کے ساتھ ہولی کھیلنے کے بعد عوام الناس پر عذاب و عتاب کا سلسلہ دراز تر کیا گیا ہے اور اس پر متزادیہ یہ کہ بھارت نوازوں کی جانب سے جس طرہ کی منافقانہ سیاست کاری کی جا رہی ہے وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ بھارت نواز اسمبلی ممبران حکمران اور سیاست کار بھارتی افواج اور فورسز اور ایجنسیوں کے لئے تزویرانی اثاثہ ہیں اور ان کا واحد کام بھارتی فوج اور فورسز کے مجرمانہ افعال پر پردہ ڈال کر انہیں قانونی تحفظ دینا ہے انہوں نے کہا کہ تین دن کے وقفے کے اندر پانچ معصومین کے لہو سے ہولی کھیلی گئی اور پھر اس قتل عام سے توجہ ہٹانے کے لئے نت نئے بہانے اور مسائل تراشے کر کے پولیس اور آرمی کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوششیں جاری ہیں بھارت نواز سیاست کار اب اپنے جرائم کو چھپانے کے لئے ہندواڑہ میں احتجاج جائز تھا کہ ناجائز کی بحث چھیڑ کر قتل عام سے توجہ ہٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں یاسین ملک نے سوال کیا کہ قتل عام کے پہلے ہی گھنٹے کے اندر فوج اور پولیس کو بچاؤ کی کہانی گھڑ لینے کے بعد نام نہاد حکمران تحقیقاتی ڈھونگ کا اعلان کرتے پھر رہے ہیں ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ جب ان کی نظر میں پہلے ہی مقتولین کو مجرم قرار دیا جا چکا ہے تو تحقیقات کے دعوے اور اعلانات کس لئے کئے جا رہے ہیں ایک اور سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قاتل اور ظالم کیونکر خود ہی اپنے جرائم کی تحقیقات کر سکتے ہیں اور یہ بھی کہ تین دہائیوں سے ایسی ہی تحقیقاتی کمیٹیوں نے کتنے مجرم اہلکاروں کو آج تک سزا سنائی ہے