حبیب بینک لمیٹڈ کو چین میں برانچ کھولنے کا لائسنس مل گیا

پیر 18 اپریل 2016 22:42

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) حبیب بینک لمیٹڈ کو چین میں برانچ کھولنے کا لائسنس مل گیا۔بینک کا ایک اعلامیے میں کہنا ہے کہ وہ چین کے صوبے ژنجیانگ کے سب سے بڑے شہر اورمقی میں اپنی برانچ کھولے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ حبیب بینک جنوبی ایشیا ء کا پہلا بینک ہے جسے چین میں برانچ کھولنے کی اجازت ملی ہے۔یہ پروگرام پاک،چین اقتصادی راہداری سے منسلک ہے جو کہ 46 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے اور جس کے تحت گوادر بندرگاہ کو ژنجیانگ سے جوڑا جائے گا۔

(جاری ہے)

سرمایہ کاری سے متعلق تجریہ کار حمزہ کمال کا کہنا ہے کہ بینک دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت کے بڑھنے کا فائدہ اٹھاسکتا ہے جبکہ بینک پہلے ہی چین سے تجارت کے سلسلے میں اپنا نام بناچکا ہے۔رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری 20.4 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 52.3 کروڑ ڈالر ہوگئی ہے۔پاکستان ہر سال چین سے پانچ ارب ڈالر مالیت کا سامان درآمد کرتا ہے۔چین کے سب سے بڑے بینک انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا کی کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں برانچیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :