ہاٹ کاغزئی پولیس چیک پوسٹ پر افغانی باپ بیٹے سمیت تین ملزمان گرفتار

پیر 18 اپریل 2016 22:09

کوہاٹ۔18اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء ) کوہاٹ کاغزئی پولیس چیک پوسٹ پر افغانی جعلساز باپ بیٹے سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ومنشیات اور جعلی شناختی کارڈز برآمد کرلئے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس آئی نور محمد خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر تھانہ چھاؤنی سے ملحقہ کاغزئی چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس دوران ہنگو سے کوہاٹ شہر آنے والی ایک مسافر فلائنگ کوچ کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا جسمیں سوار افغان باشندے معین خان اور اسکے بیٹے رحیم خان کو نیچے اتار لیا گیا جن سے دوران تلاشی تیس بور پستول بمعہ کارتوس اور افغان قومیت کے دو عددجعلی شناختی کارڈز برآمد کرکے گرفتار کرلیا گیااور انہیں فوری طور پر تھانہ چھاؤنی منتقل کرکے انکے خلاف ناجائز اسلحہ اور جعلی شناختی کارڈز رکھنے کے جرم کے علاوہ ایمیگریشن قوانین کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایک دوسری کاروائی میں اورکزئی ایجنسی سے آنیوالی ایک مسافر فلائنگ کوچ کو روک کر تلاشی کے دوران کوچ میں سوار اسلام آباد کے رہائشی محمد بہادر ولد ہارون خان کے قبضے سے دو کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے اسکے خلاف بھی تھانہ چھاؤنی میں چرس سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ قائم کر دیا گیا۔پولیس نے گرفتار تینوں ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :