کوہاٹ پولیس نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر قبائلی سمگلر کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا

پیر 18 اپریل 2016 22:09

کوہاٹ۔18اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء ) کوہاٹ پولیس نے علاقہ غیر سے کروڑوں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر قبائلی سمگلر کو چرس سے بھری گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔سوزوکی پک اپ سے برآمد ہونے والی اعلیٰ کوالٹی کی.500 137کلو گرام چرس کی کل مالیت ایک کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوہاٹ ریجن اختر حیات خان نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے والی پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

قائم مقام ڈی پی او کوہاٹ ثناء اللہ خان کے مطابق ایک معتبر ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ منشیات کے سمگلر قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ کے راستے بڑی مقدار میں چرس ملک کے مختلف شہروں میں سمگل کرنے کی کوشش کرینگے ۔

(جاری ہے)

اس اطلاع کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید خان نے ایس ایچ او تھانہ استرزئی انسپکٹرناظر حسین کی سربراہی میں پولیس پارٹی تشکیل دی جس نے کوہاٹ شہر کو اورکزئی ایجنسی سے ملانے والی رابطہ سڑک پر واقع مرئی چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کر رکھی تھی کہ اس دوران قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی کے موضع آنڈ خیل سے آنے والی ایک سوزوکی پک اپ گاڑی نمبر UR. 015کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا اور دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 137.500کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے سوزوکی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے منشیات کے بین الصوبائی سمگلر نقیب علی ولد راحب علی ساکن آنڈ خیل اورکزئی ایجنسی کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس نے چرس سمیت گرفتار سمگلر کو فوری طور پر تھانہ استرزئی منتقل کردیا

متعلقہ عنوان :